Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی جی سی اقامہ ہولڈرز کے قریبی عزیزوں کے لیے بھی مملکت کا سیاحتی ویزا

وزارت سیاحت نے سیاحتی ویزے کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔ (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) میں مقیم غیرملکی اپنے ان قریبی عزیزوں کے لیے بھی سعودی عرب کا وزٹ ویزا جاری کراسکتے ہیں جو جی سی سی کے اقامہ ہولڈرنہیں ہیں۔ 
اخبار 24 کے مطابق وزارت سیاحت نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مملکت کے سیاحتی ویزے کے حوالے سے مزید وضاحت جاری کی ہے۔
 وزارت کا کہنا تھا کہ ’جی سی سی میں مقیم کسی بھی پیشے سے تعلق رکھنے والے غیرملکی اپنے ان قریبی عزیزوں کے لیے بھی آن لائن ویزا اپلائی کرسکتے ہیں جو ان کے ہمراہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک میں مقیم نہیں ہیں‘۔ 
’ایسے غیرملکی جو جی سی سی میں اقامہ پر مقیم ہیں کے لیے یہ لازمی ہے کہ سیاحتی ویزے پر مملکت آتے وقت وہ اپنے ان قریبی عزیزوں کے ہمراہ مملکت آئیں جن کے لیے انہوں نے سیاحتی ویزا جاری کرایا ہے۔‘
واضح رہے سعودی وزارت سیاحت نے جی سی سی میں مقیم تمام غیرملکیوں کو آن لائن سعودی عرب کا سیاحتی ویزا جاری کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔ قبل ازیں یہ سہولت صرف مخصوص پیشوں کے حامل غیرملکیوں کو ہی تھی جو جی سی سی میں پیشہ ورانہ اقامہ پر مقیم ہیں۔ 
سیاحتی ویزے پر آنے والوں کوحج ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی علاوہ ازیں وہ حج سیزن میں مکہ مکرمہ بھی نہیں جاسکیں گے۔ 
یاد رہے کہ سعودی وزارت سیاحت نے جی سی سی میں مقیم کارآمد اقامہ ہولڈر تمام غیرملکیوں کے لیے سیاحتی ویزے کے اجرا کا اعلان کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ الیکٹرانک ویزے کے اجرا کے لیے کسی بھی پیشے سے تعلق رکھنے والے غیرملکی درخواست دے سکیں گے۔
 خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں اقامہ پر مقیم غیرملکی خواہ ان کا پیشہ کوئی بھی ہو وہ سیاحتی ویزے پر مملکت آنے کے اہل ہوں گے۔

شیئر: