Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 25 سے 29 اگست تک شدید بارشوں اور طوفان کا خطرہ، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا نیا دباؤ 25 اگست کو خلیج بنگال سے پاکستان میں داخل ہو گا۔ فوٹو: اے ایف پی
محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالوں سے نیا الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 25 سے 29 اگست تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور طوفان کا خطرہ ہے۔
جمعے کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہوا کا ایک اور کم دباؤ طوفانی بارشیں برسانے کو تیار ہے۔ 
ہوا کا نیا کم دباؤ 25 اگست کو خلیج بنگال سے پاکستان میں داخل ہو گا۔
دباؤ کے تحت 25 سے 29 اگست تک ملک بھر میں شدید بارشوں کے ساتھ طوفان کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 اگست کی شب سے 29 تک صوبہ سندھ کے علاقوں کراچی، حیدرآباد، دادو، بدین، سجاول، شہید بے نظیر آباد، جامشورو میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
اس کے علاوہ ٹنڈواللہ یار، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر، نگر پارکر، مٹھی، میر پور خاص میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔
عمر کوٹ، مٹیاری، سانگھڑ، گھوٹکی، شکار پور اور کشمور میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
بلوچستان اور پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی طوفانی بارشوں کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

شیئر: