Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی: ایشیائی ملازمہ پر کسٹمرز کو دوسری کمپنی میں بھیجنے کا الزام، 25 ہزار درھم جرمانہ

کمپنی نے عدالت میں ایک لاکھ درھم معاوضہ طلب کیا تھا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی کی سول کورٹ نے ایک ایشیائی ملازمہ کو کمپنی کے راز افشا کرنے اور کسٹمرز کو مسابقتی کمپنی کو بھیجنے سے ہونے والے نقصان کے معاوضے کے طور پر 25 ہزار درھم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ایک کمپنی نے سابق ملازمہ کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے ایک لاکھ  درھم معاوضہ ادا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کمپنی نے اپنے دعوے میں کہا ملازمہ مینٹیننس سپیشلسٹ کے طور پر کام کر رہی تھی اور اجازت لیے بغیرکسٹمرز کو اس کی مسابقتی کمپنی میں بھیج رہی تھی جس سے کمپنی کو نقصان ہوا اور آمدنی بھی کم ہو رہی تھی۔
کمپنی نے ملازمہ کے خلاف فوجداری مقدمہ دائر کیا تھا جس کے ساتھ ایک مشاورتی رپورٹ بھی شامل تھی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملازمہ 200 درھم کمیشن کے بدلے متعلقہ فریق کی اجازت کے بغیر اپنے کام کے راز افشا کر رہی تھی۔ 
فوجداری عدالت نے اپنے فیصلے میں ایشیائی ملازمہ کو قصور وار قرار دیتے ہوئے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ بعد ازاں اپیل کورٹ نے بھی فیصلے کو برقرار رکھا۔
ایشیائی ملازمہ نے عدالت سے درخواست کی کہ قانونی ثبوت کی کمی کی وجہ سے مقدمہ خارج کیا جائے۔ کمپنی سے عدالتی فیس، مقدمے کے اخراجات اور وکیل کا محنتانہ دلوایا جائے۔
دبئی سول کورٹ نے تمام شواہد اور دیگر قانونی دستاویزات  کو دیکھتے ہوئے فیصلہ دیا کہ ملازمہ نے اپنی کمپنی کے کسٹمرز کو مسابقتی کمپنی میں بھیج کر خلاف ورزی کی ہے جس سے کمپنی کو نقصان پہنچا ہے۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: