Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی میں ’رومنٹک دھوکہ باز‘ نے عرب خاتون سے 9 لاکھ درھم ہتھیا لیے

عدالت نے سزا کے بعد امارات سے بے دخلی کی سزا بھی سنائی۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی  پبلک پراسیکیوشن میں ایک عرب خاتون نے ایک ’رومنٹک‘ دھوکہ باز کے خلاف کیس دائر کیا ہے۔ خاتون نے دعوی کیا کہ اسے دھوکہ دے کر ایک بڑی رقم حاصل کی گئی۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی کی عدالت میں عرب خاتون بتایا  5 ایشیائی اور ایک افریقی پر مشتمل جعلساز گروہ نے 9 لاکھ 183 درھم کی رقم حاصل کرنے کے بعد اس کا نمبر بلاک کردیا۔
خاتون کا کہنا ہے ایک شخص نے اسے انسٹا گرام ایپلی کیشن میں ایڈ کیا اور اپنا تعارف یورپی ملک کے سرجن کے طور پر کرایا اس طرح  رابطہ نمبروں کا تبادلہ ہوا۔ ایک  دن اس رومنٹک سرجن نے اس سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ اسے ایک تحفہ، بیگ اور لوازمات پر مشتمل  پارسل بھیجنا چاہتا ہے۔
 دھوکے باز نے ایک دن اسے بتایا  کہ شپنگ کمپنی کا نمائندہ اسے تحفہ پہنچانے کے لیے رابطہ کرے گا اور شپمنٹ حاصل کرنے کے لیے رقم منتقل کرنی ہے۔  مختلف اکاؤنٹس میں رقم منتقل  کرنے کے لیے کہا گیا۔ 
پبلک پراسیکیوشن نے تمام شواہد، جانچ اور ملزمان کے اعترافی بیانات کے بعد فیصلہ دیا۔ عدالت نے تمام ملزمان کو ایک ماہ قید، خاتون کی پوری رقم واپس کرنے اور امارات سے بے دخلی کی سزا سنائی۔ سزا کے خلاف اپیل کی گئی جس پر اپیل کورٹ نے بھی سابقہ فیصلہ برقرار رکھا۔
دبئی پولیس نے اس قسم کے دھوکے بازوں کے  جال میں پھنسنے سے خبردار کیا ہے۔ جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ ریسرچ میں اینٹی کرائم ڈیپارٹمنٹ کے  ڈائریکٹر بریگیڈیئر سعید الھاجری نے بتایا کہ آج کل سوشل میڈیا کے ذریعے دو طرح کے فراڈ عام ہیں۔ ایک سرمایہ کاری اور دوسرا رومانوی فراڈ ہے جس سے بچنا چاہئے۔ سوشل میڈیا اور ڈیٹنگ سائٹس  کے ذریعے یہ  جعلساز اپنے شکار کو گھیرتے ہیں اور مختلف فراڈ کرتے ہیں۔

 

امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: