Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سمیت 17 ملکوں کے وفود پاکستان آئی ٹی ایکسپو میں شرکت کریں گے

ریڈیو پاکستان کے مطابق فیسٹیول میں 750 معروف عالمی اور مقامی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ فائل فوٹو: آئی ٹی سی این
پاکستان میں اگلے ہفتے انفارمیشن ٹیکنالوجی فیسٹیول میں 17ممالک کے وفود شرکت کریں گے جن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں۔
اتوار کو ریڈیو پاکستان نے بتایا کہ آئی ٹی سی این ایشیا کے عنوان تین روزہ فیسٹیول میں پاکستان بھر سے ٹیک اور سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو ایک چھت تلے لایا جا رہا ہے۔
یہ فسٹیول ای کامرس گیٹ وے پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے زیراہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔
سالانہ بنیادوں پر منعقد کیے جانے والے فیسٹیول کا 25واں ایڈیشن ہے۔ 27 تا 29 اگست تک کراچی میں جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں آئی ٹی انڈسٹری کے انٹرپرینیور اور سرمایہ کار شرکت کریں گے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق فیسٹیول میں 750 معروف عالمی اور مقامی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جبکہ سعودی عرب، چین، سنگاپور، آذربائیجان، بحرین، ایران، مصر اور متحدہ عرب امارات سمیت 17ملکوں  کے 350 مندوبین سمیت 70  ہزار سے زائد وزٹرز کی شرکت متوقع ہے۔
پاکستان کے سرکاری ریڈیو نے بتایا ہے کہ اس ایونٹ کے نتیجے میں 500 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے امکانات ہیں۔
پاکستان میں خراب معاشی حالات کی وجہ سے برآمدات کو بڑھانے کے لیے حکومتی سطح پر سرتوڑ کوششیں جاری ہیں اور جن شعبوں میں اس حوالے سے پیش رفت کی جارہی ہے اُن میں آئی ٹی شامل ہے۔
پاکستان کی معیشت کا حجم 350 ارب ڈالر اور اس کا انحصار بیرونی قرضوں پر ہے جس کو کم کرنے کے لیے بیرونی سرمایہ کاری لائی جا رہی ہے۔
رواں سال مئی میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ نے ایک ٹیک ایونٹ میں بتایا کہ حکومت نے آئی ٹی کی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ملک کی سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی نے رواں ماہ کہا کہ پاکستان نے چار نئے خصوصی ٹیکنالوجی زونز بھی قائم کیے ہیں جن میں 50,000 تک پیشہ ور افراد رہ سکتے ہیں اور ان کی سالانہ برآمدی صلاحیت 350 ملین ڈالر ہے۔

شیئر: