آئی ٹی کمیونیکیشن میں تعطل سے ’سدایا‘ متاثر نہیں ہوا
جمعہ 19 جولائی 2024 21:18
جمعہ کو دنیا بھر کے متعدد ممالک میں آئی ٹی کمیونیکیشن ذرائع متاثر ہوئے(فوٹو، ایکس )
سعودی ڈیٹا اینڈ اے آئی اتھارٹی ’سدایا‘ کے ترجمان انجینئرماجد الشھری کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز آئی ٹی مواصلات میں عالمی سطح پر ہونے والی خرابی سے ہمارا ادارہ متاثر نہیں ہوا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سدایا کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ٹی کے میدان میں ماہر سعودی ٹیم کام کررہی ہے جو جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے نیٹ ورک کو مضبوط بناتی ہے تاکہ کسی قسم کی خرابی کا فوری تدارک کیا جائے۔
انجینئرالشھری کا مزید کہنا تھا کہ سدایا کے تحت مختلف نوعیت کی حکومتی خدمات سعودی شہریوں اورمملکت میں مقیم غیرملکیوں کو پیش کی جاتی ہیں ۔ جمعہ کو دنیا کے مختلف ممالک کو آئی ٹی کمیونیکیشن کے میدان میں جس تعطل کا سامنا کرنا پڑا ’سدایا‘ اس سے محفوظ رہا اور ہماری سروسز بغیر کسی تعطل کے جاری رہیں۔
واضح رہے جمعہ کے روز دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں خرابی پیدا ہونے سے بیشتر فضائی کمپنیاں اور بینکوں کی سروس متاثر ہوئی جس کی وجہ سے فوری رابطے کے ذرائع میں خلل کا سامنا کرنا پڑا۔
فضائی کمپنیوں کے مسافروں کو بھی بیشتر ممالک میں غیرمعمولی تاخیر کا سامنا رہا۔