مملکت کے کئی علاقے منگل سے آئندہ ہفتے تک بارش کی زد میں
لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ( فوٹو: ایکس اکاونٹ شہری دفاع)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے مملکت کے کئی علاقوں میں منگل سے آئندہ ہفتے تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’محفوظ مقامات پر رہیں۔ سیلابی مراکز، وادیوں اور نشیبی مقامات کی طرف جانے سے گریز کریں‘۔
’ بارش کے دوران مخلف میڈیا اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے ذریعے دی جانے والی ہدایات پر عمل کیا جائے‘۔
بیان کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن بارش کی زد میں رہے گا۔ ژالہ باری اور گردآلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
مکہ مکرمہ، الجموم، اضم، الکامل، العرضیات، اللیث، القنفذہ، الخرمہ، تربہ، رنیہ، المویہ، جدہ، رابغ، خلیص کے علاوہ ریاض ریجن میں بارش کی توقع ہے۔
مدینہ، الباحہ، عسیر، جازان اور نجران کے ساتھ حائل، قصیم اور الشرقیہ ریجن بھی بارش کی زد میں رہیں گے۔