کارساز حادثہ: ملزمہ نتاشا کے نشہ کی حالت میں ہونے کی تصدیق، ایک اور مقدمہ درج
جمعرات کو ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال نے اپنی حفاظتی ضمانت حاصل کر لی تھی (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
کراچی کے علاقے کارساز میں باپ بیٹی کو گاڑی سے ٹکر مارنے والی گرفتار ملزمہ نتاشا کے حادثے کے وقت نشے کی حالت میں ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔
سنیچر کو سامنے آنے والی لیبارٹری رپورٹ کے مطابق ملزمہ نتاشا سے حاصل کیے گئے نمونوں کی جانچ کے بعد ان میں میتھ میٹافائن (آئس) کی موجودگی ثابت ہوئی ہے۔
اس لیبارٹری رپورٹ پر 27 اگست کی تاریخ درج ہے جبکہ اس کی بنیاد پر ملزمہ کے خلاف امتناع منشیات کے قانون کے تحت ایک اور مقدمہ بھی درج کر دیا گیا ہے۔
بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے منشیات کے مقدمے میں ملزمہ کو گرفتار کرنے کی اجازت بھی دے دی اور حکم دیا کہ تفتیشی افسر شام سے قبل اس مقدمے میں ملزمہ سے تفتیش کر سکتا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال نے اپنی حفاظتی ضمانت حاصل کر لی تھی۔
یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی ضلع شرقی کے علاقے کارساز روڈ پر ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے تھے۔
واقعے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے باپ اور بیٹی کی ہلاکت پر احتجاج کیا تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا تھا کہ گاڑی کی ڈرائیور نتاشا نامی خاتون کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے ڈرائیور ملزمہ کو گرفتار کیا تھا اور میڈیکل ٹیسٹ کے لیے خاتون کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا تھا۔