Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ہفتے کے دوران مملکت میں تفریحی اخراجات 13 فیصد کم ہوگئے

اخراجات میں ریاض کے شہری سرفہرست رہے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں اس ہفتے خریداری میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 9.8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ 
اخبار 24 کے مطابق 7 سے 13 جولائی کے دوران مملکت میں 197.5 ملین  پوائنٹ آف سیل ٹرانزیکشنز کے ذریعے 11.99 ارب ریال کی خریداری کی گئی جبکہ اس سے قبل والے ہفتے یعنی 30 جون سے 6 جولائی کی مدت کے دوران 13 ارب ریال کے اخراجات کیے گئے تھے جو اس ہفتے 9.8 فیصد کم رہے۔
گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں اس ہفتے تفریحی اخراجات 13 فیصد کم رہے جبکہ ریستوران، کیفے، کھانے پینے کی اشیا، مواصلات،  لباس اور جوتوں کی خریداری پر 9.8 فیصد کم خرچ کیے گئے جس کی مالیت 1.2 ارب ریال رہی۔
سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا کہ کپڑوں اور جوتوں پر 677 ملین ریال خرچ ہوئے جو 13 فیصد کم رہے۔ تعمیراتی سامان پر 329 ملین ریال ، تعلیم پر 85.2 ملین، الیکٹرانک آلات اور بجلی کے سامان پر 210 ملین ریال اور گیس سٹیشنز پر 841.4 ملین ریال خرچ کیے گئے۔
اسی طرح ہوٹلوں پر اخراجات 3.8 فیصد کمی کے بعد 269.6 ملین ریال، زیورات پر 17.1 فیصد کمی بعد 191.7 ملین ریال، تفریح اور ثقافت پر 13 فیصد کمی کے بعد 273 ملین ریال خرچ کیے گئے۔
ریستوران اور کیفے پر 1.610 ارب ریال سے زیادہ، خوراک اور مشروبات پر 1.8 ارب ریال، مواصلات پر 102.9 ملین ریال اور نقل حمل پر 733 ملین ریال کے اخراجات کیے گئے۔
 رپورٹ کے مطابق ریاض کے شہری  اخراجات کے حوالے سے سرفہرست رہے۔ جہاں 59.8 ملین پوائنٹ آف سیل آپریشنز کے ذریعے 3.9 ارب ریال خرچ کیے گئے۔
مکہ مکرمہ میں 459.5 ملین ریال، مدینہ منورہ میں 458.6 ملین ریال اور دمام کے رہائشیوں نے ایک ہفتے کے دوران 554 ملین ریال کے اخراجات کیے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: