Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف تمام جماعتوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، معافی کی کوئی شرط نہیں: رانا ثنااللہ

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم پاکستان کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے غیر مشروط مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’جس مسئلے پر بات کرنا چاہتے ہیں، آئیں بیٹھیں اور بات کریں۔ معافی مانگنے کی کوئی شرط نہیں۔‘
رانا ثنااللہ نے بتایا کہ ’نواز شریف 21 اکتوبر کو جب اپنے ملک واپس آئے تو انہوں نے بڑا دو ٹوک پیغام قوم کو دیا تھا اورواضح طور پر کہا تھا کہ میرا 40  سالہ سیاسی زندگی کا نچوڑ یہ ہے کہ ملک اس وقت جس صورتحال میں ہے اسے نکالنے کے لیے سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا پڑے گا۔‘
ان کے بقول ’جب ایک شخص سب کی بات کرتا ہے تو کسی ایک کو مائنس نہیں کیا جا سکتا۔‘
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ان کی جماعت نے محمود اچکزئی سے بات کی ہے اور وہ بھی مذاکرات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
’ن لیگ سیاسی معاملات کے حل کے لیے جمہوریت اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔ پی ٹی آئی کو اپنے رویے میں تبدیلی لانی پڑے گی تاکہ مذاکرات درست طریقے سے ہو سکیں۔‘
خیال رہے کہ رواں ہفتے سنیچر کو پاکستان مسلم لیگ ن کی پارٹی میٹنگ کے بعد ایسی خبریں  سامنے آئی تھی کہ سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اپنی جماعت کو پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تاہم اتوار کو  وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا تھا کہ جب تک پی ٹی آئی نو مئی کے واقعات کے لیے معافی نہیں مانگ لیتی ان کے ساتھ مذاکرات میں کسی قسم کی پیش رفت کی گنجائش نہیں ہے۔

شیئر: