سعودی قومی فٹبال ٹیم کا جدہ میں کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کا دورہ
سعودی قومی فٹبال ٹیم کا جدہ میں کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کا دورہ
جمعرات 5 ستمبر 2024 17:21
مریضوں کی عیادت کر کے ان کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی قومی فٹ بال ٹیم کے نامور کھلاڑیوں نے حال ہی میں جدہ کے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر میں مریضوں کی عیادت کر کے ان کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔
عرب نیوز کے مطابق کھلاڑیوں کا یہ اقدام انڈونیشیا کے خلاف 2026 کے ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے جدہ کے کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ سے قبل قومی بیداری مہم سے ہم آہنگ ہے۔
قومی ٹیم کے کھلاڑی فٹبال ورلڈ کپ2026 کے لیے ایشیائی کوالیفائر کے تیسرے راؤنڈ میں حصہ لینے کے لیے جدہ میں تربیتی سیشن میں تیاری کر رہے ہیں۔
سعودی قومی فٹبال ٹیم اپنے اطالوی کوچ رابرٹو مانسینی کی نگرانی میں کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوسرے کوالیفائنگ میچ کے لیے چین کا دورہ کرے گی جہاں 10 ستمبر کو چین کی قومی ٹیم کے ساتھ میچ ہو گا۔
قومی کوچ رابرٹو مانسینی، ٹیم کپتان سالم الدوسری اور دیگر کھلاڑیوں نے منگل کی رات کنگ فیصل ہسپتال دورے کے دوران مریضوں کی تیمارداری کی اور حوصلہ بڑھانے کے لیے انہیں تحائف اور پھول پیش کیے۔
2,500 بستروں پر مشتمل کنگ فیصل تخصصی ہسپتال عالمی سطح پر دل، جگر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لیے سب سے اہم مراکز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
انگلینڈ کے معروف برانڈ فنانس ادارے جو دنیا کی معروف برانڈ کی ویلیو ایشن اور مشاورت کرتا ہے، کے مطابق کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر مشرق وسطیٰ میں پہلے اور دنیا کے بہترین ٹیچنگ ہاسپٹلز کی فہرست میں 20ویں نمبر پر ہے۔
سال 2024 میں امریکی میگزین نیوز ویک نے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر کو دنیا کے ٹاپ 250 ہسپتالوں میں شامل کیا ہے۔