فضائی ایمبولینس کے ذریعے مریض کی منتقلی
جمعرات 5 ستمبر 2024 19:12
پہاڑی سلسلہ ہونے کی وجہ سے بروقت زمینی امداد کی فراہمی مشکل تھی(فوٹو، ایکس )
سعودی ہلال الاحمر کے فضائی امدادی یونٹ نے الریث کمشنری کے الاسود پہاڑی سلسلے میں مریض کو بروقت طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسے ہسپتال منتقل کردیا۔
سبق نیوز کے مطابق الاسود پہاڑی سلسلہ سطح سمندر سے 3 ہزار فٹ کی بلندی پرہے جہاں بروقت طبی امداد کا پہنچنا ممکن نہیں تھا جس پر فضائی ایمبولینس سروس کی خدمات حاصل کی گئیں۔
ہلال الاحمر کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ 997 کے کنٹرول روم کو ایک شہری کی جانب سے امدادی کال موصول ہوئی جس میں اس نے مریض کی حالت بیان کرتے ہوئے اسے فوری طبی امداد فراہم کرنے پرزور دیا۔
جس مقام پر مریض موجود تھا وہ سطح سمندر سے 3 ہزار فٹ کی بلندی پرتھا جبکہ راستہ بھی کافی دشوار تھا۔
ہلال الاحمر کی جانب سے فوری طورپر فضائی ایمبولینس کا انتظام کیا گیا تاکہ بروقت طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
فضائی ایمبولینس کے ذریعے جلد ہی امدادی ٹیم وہاں پہنچ گئی جنہوں نے مریضہ کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہی انہیں شہزادہ محمد بن ناصر جنرل ہسپتال منتقل کردیا ۔