تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف کریک ڈاؤن، 13 رہنماؤں کی گرفتاری کا دعویٰ
پیر 9 ستمبر 2024 19:02
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
پاکستان تحریک انصاف کے اتوار کو روز ہونے والے جلسے میں طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر اسلام آباد پولیس کا مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ اب تک 13 رہنماؤں کو حراست میں لیا جا چکا ہے اور توقع ہے کہ انہیں آج ضلعی عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔
پیر کی رات کو اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو حراست میں لیا۔
بیرسٹر گوہر علی خان، ملک عامر ڈوگر کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں گاڑی میں بیٹھ کر خود باہر آئے تاہم پولیس نے ان کی گاڑی روک لی اور انہیں گرفتار کر لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری کے وقت میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’قانون کے مطابق گرفتاری دے رہا ہوں۔‘
قبل ازیں بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’تمام کارکنوں کو کہہ رہا ہوں، ہم نے قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا، پرامن رہیں، اگر لیڈر جیل میں ہے تو ہمیں جیل جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے، ہم نے کوئی جرم نہیں کیا، یہ حکومت حواس باختہ ہو چکی ہے۔‘
اسلام آباد پولیس نے شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ ہاؤس سے باہر جاتے ہوئے گرفتار کیا۔ اس دوران شیر افضل مروت کے سکیورٹی گارڈز اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جس کے بعد پولیس شیر افضل مروت کو گریبان سے پکڑ کر اپنے ساتھ لے گئی۔
اب تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی شعیب شاہین کو اُن کے دفتر سے گرفتار کیا گیا ہے۔
اس وقت پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جو پی ٹی آئی رہنماؤں کا پارلیمنٹ ہاؤس سے نکلنے کا انتظار کر رہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، شیخ وقاص اکرم، زین قریشی، شاہد خٹک، عامر ڈوگر پارلیمنٹ کی سروس برانچ میں موجود ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باقی تمام دفاتر بند کر دیے گئے ہیں۔ ملک عامر ڈوگر مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتاری دینے کے لیے قائل کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر بیرسٹرگوہر علی خان اور دیگر پی ٹی آئی ممبران کا گرفتاریوں سے بچنے کے لیے مشاورتی اجلاس بھی ہوا تھا۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی ممبران اسمبلی نے سپیکر قومی اسمبلی سے رابطے کی کوشش کی جس میں اُنہیں کامیابی نہیں ملی۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کو گذشتہ روز کے جلسے میں خلاف ضابطہ اقدامات کرنے پر گرفتار کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی نے انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ وقت کے اندر جلسہ ختم نہیں کیا۔
جبکہ جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے کارکنان نے ممنوعہ روٹ استعمال کیا۔
ریڈ زون میں سخت سکیورٹی کے انتظامات
پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تھی اور ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بھی بند کر دیے گئے تھے۔
پولیس کی جانب سے ڈی چوک، نادرا چوک، سرینا اور میریٹ کے مقام سے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کیا گیا ہے۔
ریڈ زون میں داخلے اور باہر جانے کے لیے صرف مارگلا روڈ والا راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔
حکومت کی طرف سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور کار سرکار میں مداخلت پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں پولیس اہلکاروں پر حملے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔