چائنہ کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے ایپل کے آئی فون 16 لانچ کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی اپنا نیا ’ٹرپل فولڈ‘ (تین بار فولڈ ہونے کے قابل) فون متعارف کروا دیا ہے۔
منگل کو چین کے شہر شینزین میں لانچنگ کی تقریب کے دوران ہواوے نے اپنا نیا میٹ ایکس ٹی متعارف کروایا جس کی ابتدائی قیمت 2800 ڈالر رکھی گئی ہے جو پاکستانی 8 لاکھ روپے کے قریب بنتی ہے۔
مزید پڑھیں
-
آئی فون 16 کے لانچ پر سام سنگ کا ایپل سے ’مزاحیہ سوال‘Node ID: 878674
ہواوے کی ویب سائٹ کے مطابق میٹ ایکس ٹی ڈیوائس کو پہلے ہی 5 ملین سے زیادہ پری آرڈرز موصول ہو چکے ہیں، جس کے لیے پہلے رقم جمع کرانے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔
ریسرچ فرم آئی ڈی سی کے مطابق، دوسری سہ ماہی میں فولڈ ایبل فونز کی پوری عالمی مارکیٹ تقریباً 4 ملین یونٹس تھی۔ یہاں سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ ہواوے میٹ ایکس ٹی کی مارکیٹ کافی مضبوط ہونے والی ہے۔
ہواوے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رچرڈ یو نے لانچ کے موقع پر کہا کہ ’آج ہم آپ کے لیے ایک ایسی پروڈکٹ لے کر آئے ہیں جس کے بارے میں ہر کوئی سوچ سکتا ہے لیکن بنا نہیں سکتا۔ ہماری ٹیم پانچ سالوں سے سخت محنت کر رہی ہے اور کبھی ہمت نہیں ہاری۔‘
انہوں نے کہا ’آج ہم موبائل انڈسٹری کی تاریخ کو دوبارہ لکھیں گے، سائنس فکشن کو حقیقت میں بدلیں گے، اور فولڈنگ ڈیوائسز کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔‘
ہواوے میٹ ایکس ٹی لال اور سیاح رنگ میں متعارف کروایا گیا ہے، اس کے تمام ماڈلز میں 16جی بی ریم دی گئی ہے اور اس کی سٹوریج کی تین اقسام ہوں گی جن میں 256، 512 جی بی اور 1 ٹیرا بائیٹ ویرینٹ شامل ہوں گے۔
256 جی بی میموری فون کی قیمت 19,999 یوآن (تقریباً 2809 ڈالر) ہے جبکہ 512 جی بی میموری فون کی قیمت 21,999 یوآن (تقریباً 3,089 ڈالر) اور ون ٹی بی میموری فون کی قیمت 23,999 یوآن (تقریباً 3,370 ڈالر) ہے۔
اس فون میں ایک الٹا دوہرا ڈیزائن ہے جو ’Z‘ شکل میں فولڈ ہوتا ہے اور اسے مختلف فارمیٹس میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ روایتی سنگل سکرین ڈیوائس کے طور پر اس کا ڈسپلے سائز 6.4 انچ بنتا ہے جبکہ مکمل طور پر کھولے جانے پر یہی ڈسپلے 10.2 انچ تک بڑھ جاتا ہے اور 7.9 انچ کی چھوٹی کنفیگریشن میں جزوی طور پر کھولے جانے پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ہواوے کے مطابق 3.6 ملی میٹر چوڑائی کے ساتھ میٹ ایکس ٹی دنیا کا سب سے پتلا فولڈ ایبل فون ہے اور اس میں کی بورڈ اٹیچمنٹ ہے جو آپ کی جیب میں پوری آسکتی ہے۔
میٹ ایکس ٹی میں 5,600mAh بیٹری شامل کی گئی ہے جو 66 واٹ کی وائرڈ چارجنگ اور 50 واٹ کی وائرلیس چارجنگ سپورٹ کرتی ہے۔
فون کے عقب میں ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ ہے جس میں 50 میگا پکسل کا مین کیمرہ، 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 12 میگا پکسل کا پیریسکوپ کیمرہ شامل ہے۔ فون کے فرنٹ پر ہول پنچ سیلفی کیمرہ 8 میگا پکسلز کا دیا گیا ہے اور یہ فرنٹ کیمرہ ڈیوائس کو مکمل طور پر کھولے جانے پر سب سے بائیں سکرین پر موجود ہوگا۔
ہواوے کا میٹ ایکس ٹی 20 ستمبر کو چائنہ کی مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔ واضح رہے یہ وہی تاریخ ہے جس دن ایپل کا آئی فون 16 بھی چائنہ سمیت دنیا بھر کے سٹورز پر بکنے کے لیے دستیاب ہوگا۔
امریکہ کے ایپل اور چائنہ کے ہواوے کا تنازع کیا ہے؟
کیلیفورنیا کے ایپل پارک میں آئی فون 16 کے لانچ ہونے کے ایک دن بعد تک ہواوے نے انتظار کیا اور بہت سے لوگ اسے مارکیٹنگ کے جارحانہ انداز کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور کہا یہ جا رہا ہے کہ چائنہ میں ایپل کی سیلز مزید متاثر ہو سکتی ہیں۔
ایپل کو چائنہ میں ایک اور ممکنہ مشکل کا سامنا ہے اور وہ یہ ہے کہ کمپنی نے چائنہ میں اپنے ’ایپل انٹیلی جینس‘ پارٹنر کا اعلان نہیں کیا۔
مصنوعی ذہانت کا یہ فیچر جس کی بنیاد پر ایپل نے آئی فون 16 کی تشہیر کی ہے، چائنہ میں اگلے سال تک دستیاب نہیں ہوگا۔ تاہم یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چائنہ میں موجود صارفین آئی فون 16 کو زیادہ ترجیح نہیں دیں گے۔