Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائنگ: کولمبیا نے ارجنٹائن کو ، پیراگوئے نے برازیل کو ہرا دیا  

روڈریگوز نے شاندار کک سےعالمی چیمپئن ارجنٹائن کے خلاف شاندار گول کیا۔ فوٹو اے ایف پی
ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائنگ میچ میں کولمبیا نے ارجنٹائن کے خلاف 1-2 سے میچ جیت کر کوپا امریکہ کے فائنل میں اپنی شکست کا بدلہ لیا۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق گذشتہ روز منگل کو جنوبی امریکن کوالیفائنگ راؤنڈ   کے دوسرے میچ میں  پیراگوئے نے برازیل کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔
کولمبیا کے کپتان جیمز روڈریگوز نے میچ کے 60 ویں منٹ میں شاندار کک سے گول کر کے موجودہ عالمی چیمپیئن ارجنٹائن کے خلاف میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔
میامی میں کھیلے گئے کوپا امریکہ کے فائنل میں دو ماہ قبل ارجنٹائن نے کولمبیا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرایا تھا جس کا بدلہ کولمبیا نے کوالیفائنگ میچ میں لے لیا۔
کولمبیا کے کپتان روڈریگوز نے میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد بتایا ’مجھے نہیں لگتا کہ میں نے کبھی پہلے ارجنٹائن کے خلاف گول کیا ہے، ایسا شاید پہلی بار ہوا ہے۔‘ ہم فائنل کھیلنے کی عادت ڈالنا چاہتے ہیں۔

کوپا امریکہ کے فائنل میں ارجنٹائن نے کولمبیا کو ہرایا تھا۔ فوٹو اے ایف پی

کولمبیا کے شہر برانکیولا کے میٹروپولیٹن سٹیڈیم میں اس کامیابی نے کولمبیا کو جنوبی امریکن کوالیفائنگ مقابلوں میں شامل 10 ٹیموں کے مقابلے میں 16 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچا دیا، جو ارجنٹائن کی ٹیم سے دو پوائنٹس پیچھے ہے۔
کولمبیا نے ہوم گراؤنڈ پر حمایتی تماشائیوں کے  سامنے 25 ویں منٹ میں برتری حاصل کی جب یرسن موسکویر نے ہیڈر سے گول کیا تاہم دوسرے ہاف کے تیسرےمنٹ میں ارجنٹائن کی  ٹیم کے نکولس گونزالیز نے میچ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔

ڈیاگو گومز نے میچ کا واحد گول کر کے پیراگوئے کو کامیابی دلا دی۔ فوٹو سکرین شاٹ

کوالیفائنگ راؤنڈ میں شامل پانچ بار کے عالمی چیمپئن برازیل کو پیراگوئے کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا جب پیراگوئے کے شہر آسیونسیون میں انٹرمیامی کے مڈفیلڈر ڈیاگو گومز نے 20 ویں منٹ میں شاندار کک لگا کر میچ کا واحد گول کر کے پیراگوئے کو کامیابی دلا دی۔
کوالیفائنگ راؤنڈ کے اہم میچ میں اس شکست نے برازیل کو پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔

شیئر: