Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ فیصل ہسپتال میں دنیا کا پہلا روبوٹک ہارٹ ٹرانسپلانٹ کامیاب

آپریشن کے لیے کئی ہفتوں سے تیاری کی جاتی رہی۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب کے شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر (کے ایف ایس ایچ آر سی) نے دنیا کی پہلی مکمل طور پر روبوٹک دل کی پیوند کاری کی ہے۔ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والا یہ آپریشن ایک 16 سالہ مریض کا کیا گیا جو ہارٹ فیلیئر کے آخری مرحلے میں مبتلا تھا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘  کے مطابق کنسلٹنٹ کارڈیک سرجن اور کارڈیک سرجری ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سعودی سرجن ڈاکٹر فراس خلیل کی سربراہی میں ایک طبی ٹیم نے کئی ہفتوں کی تیاری کے بعد تفصیلی نظریاتی منصوبہ بندی کے ساتھ آپریشن شروع کیا تاکہ آپریشن کی درستگی کو یقینی بنایا جاسکے اور ممکنہ خطرات کو کم کیا جاسکے۔  ٹیم نے آپریشن کرنے سے پہلے تین دن میں عملا سات بار طریقہ کار کی مشق کی۔
ہسپتال کی میڈیکل کمیٹی کی منظوری اور مریض کے اہل خانہ کی منظوری کے بعد ڈاکٹر فراس خلیل نے ٹیم کے ارکان کے درمیان ہم آہنگی کو ترجیح دیتے ہوئے اس کام کو انجام دینے کے لیے میڈیکل ٹیم تشکیل دی اور آپریشن روم میں داخل ہونے سے قبل ٹیم لیڈر نے آپریشن پلان کی تفصیلی وضاحت کرتے ہوئے ہر فرد کے کردار کی درست وضاحت کی تاکہ مریض کی حفاظت اور آپریشن کی کامیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔
شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کے سی ای او ڈاکٹر ماجد الفیاض نے اس کامیابی کو  دل کی پیوند کاری کے آپریشن میں تاریخی لمحہ اور اہم پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں 1960 کی دہائی میں دل کی پیوند کاری کا پہلا آپریشن ہوا تھا۔ اسی طرح روبوٹ کا استعمال کرتے ہوئے دل کی پیوند کاری کے پہلے آپریشن کی کامیابی ایک  تبدیلی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ  سعودی وژن 2030 کے مطابق سعودی عرب میں طب کے شعبے میں جدت لانے کے ہدف کی طرف ایک سنگ میل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج حاصل ہونے والی کامیابی ہماری دانش مند قیادت کے تعاون کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتی تھی۔
واضح رہے  کہ شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر مشرق وسطی اور افریقہ میں پہلے اور عالمی سطح پر 20 ویں نمبر پر ہے۔ یہ ہسپتال لگاتار دوسرے سال دنیا بھر کے 250 اعلی تعلیمی صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کی فہرست میں شامل ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: