Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات نے غزہ سے مزید زخمیوں اور کینسر کے مریضوں کو ابوظبی پہنچا دیا

امارات نے ایک ہزار 917  سے زیادہ مریضوں اور اہل خانہ کو نکالا ہے۔(فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ہنگامی انسانی امدادی اقدام کے تحت غزہ کی پٹی سے 97 شدید زخمی افراد اور مریضوں کو نکال کر ابوظبی پہنچایا ہے۔
ان میں کینسر کے ایسے مریض شامل تھے جنہیں فوری علاج کی ضرورت تھی۔ مریضوں ان کے 155 اہل خانہ اور 142 بچے بھی تھے۔
انہیں رامون ایئرپورٹ (اسرائیل) سے کرم ابو سالم کراسنگ کے راستے ابوظبی لائے گئے تاکہ انہیں ضروری طبی علاج فراہم کیا جا سکے۔
امارات کی بین الاقوامی تعاون کی وزیر مملکت ریم بنت ابراہیم ال ہاشمی نے بتایا ’یہ رامون ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی دوسری پرواز ہے جو زخمی فلسطینیوں کو جدید طبی سہولتیں فراہم کرنے کی کوششوں کو اجاگر کرتی ہے‘۔
انہوں نے کہا’ زخمیوں اور بیمار فلسطینیوں کو نکالنے کا یہ نیا اقدام فلسطینیوں کی سپورٹ کے لیے متحدہ عرب امارات کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہم اپنے بین الاقوامی شراکت داروں اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے‘۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس اذانوم گیبریئسس نے غزہ سے بیمار اور زخمی افراد کو نکالنے میں مدد اورانہیں فوری طور پر ضروری علاج  فراہم کرنے پر امارات کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نےعالمی ادارہ صحت کی جانب سے غزہ میں پھرجنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے متحدہ عرب امارات نے ایک ہزار 917  سے زیادہ مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو نکالا ہے۔
جبکہ 10 بحری جہازوں، ایک ہزار300 ٹرکوں، 316 پروازوں اور 104 ایئرڈراپس ذریعے 40 ہزار ٹن سے زیادہ فوری امداد فراہم کی، جس میں خوراک، طبی اور امدادی سامان شامل ہے۔

شیئر: