Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کو 43 شرائط کے ساتھ لاہور کے رِنگ روڈ پر کاہنہ میں جلسے کی اجازت

نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو دو سے پانچ بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت ہوگی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو شہر میں جلسے کی جازت دے دی ہے تاہم اس کے لیے متعدد شرائط بھی عائد کی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کی جانب سے مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت کی درخواست کو منظور نہیں کیا اور لاہور کے رنگ روڈ پر کاہنہ کے علاقے میں عوامی اجتماع منعقد کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔
ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت ملی مگر اُن کی جماعت کو نہیں دی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جلسے کی سیکورٹی تحریک انصاف کی ذمہ داری ہوگی جبکہ جلسے کا وقت دن تین بجے سے شام چھ بجے تک ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کُل 43 شرائط ہیں جن میں دوسری یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی اسلام آباد میں 8 ستمبر کو استعمال کی گئی سخت زبان پر معافی مانگیں۔
لاہور کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی سے کہا گیا ہے کہ امن وامان کی صورتحال اور مختلف اطراف سے آنے والے تھریٹ الرٹ کے مدنظر جلسے کے منتظمین پیشگی حفاظتی اقدامات کریں۔ 
منتظیمن سے کہا گیا ہے کہ وہ دیگر شہروں شرکت کے لیے آنے والے کارکنوں کو جلسے کی اجازت کی شرائط سے آگاہ کریں اور اُن سے اس پر عملدرآمد کرائیں۔
شرائط میں یہ بھی ہے کہ جلسے میں ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف کسی قسم کی نعرے بازی نہ کی جائے۔
اسی طرح نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ منتظمین دیگر شہروں سے آئے ’جتھوں‘ کے ذریعے لاہور کی روزمرہ کی شہری زندگی کو خراب نہ کریں۔

شیئر: