شوہر سے جھگڑا، گجرات میں خاتون نے اپنے بچوں کو تیزاب پلا کر مار ڈالا
پیر 23 ستمبر 2024 10:25
بشیر چوہدری، اردو نیوز۔ اسلام آباد
پنجاب کے ضلع گجرات میں گھریلو ناچاقی پر خاتون نے اپنے دو بچوں کو تیزاب پلا کر مار دیا اور بعد میں خود بھی پی لیا تاہم انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ملزمہ کا علاج جاری ہے۔
ضلع گجرات کے تھانہ ڈنگہ میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق ’گاؤں بدوھوال کی رہائشی 35 سالہ سدرہ نے پہلے اپنے دو بچوں کو تیزاب پلایا جس سے ان کا 6 برس کا بیٹا آہل اور 8 برس کا ساحل موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ بعد ازاں والدہ نے خود بھی تیزاب پی لیا۔‘
ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ احمد حسن نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’خاتون نے پولیس کو بیان دیا ہے جس میں انہوں نے اقبالِ جرم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اُن کے شوہر اٹلی میں مقیم ہیں جن سے فون پر جھگڑا ہوا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’شوہر نے فون پر کہا کہ میں تمہیں طلاق دے دوں گا جس کے بعد غصّے میں یہ اقدام اٹھایا۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے بچوں کو تیزاب پلانے کے بعد گلا گھونٹ کر انہیں قتل کیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور خاتون سدرہ بی بی کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال ڈنگہ منتقل کیا جبکہ دونوں بچوں کی لاشیں بھی ہسپتال پہنچائی گئیں۔
پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لینے کے بعد عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات منتقل کر دیا ہے جہاں زیرِحراست ملزمہ کا علاج جاری ہے۔