کراچی: گلستان جوہر میں 50 سالہ خاتون تیزاب کے حملے میں ہلاک، بیٹی زخمی
پولیس کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پیش آیا (فوٹو: سکرین گریب)
کراچی میں ایک 50 سالہ خاتون پر نامعلوم افراد نے تیزاب پھینکا اور تشدد کیا جس کے بعد وہ ہلاک ہو گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کو گلستان جوہر میں پیش آیا۔
مقتولہ خاتون کی بیٹی نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ’موٹرسائیکل پر آنے والے دو نقاب پوش افراد نے گھر کے دروازے پر دستک دی۔ جب والدہ نے دروازہ کھولا تو ملزموں نے مجھ پر تیزاب یا کیمیکل سے حملہ کیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس حملے میں میرے ہاتھ متاثر ہوئے اور میں خوفزدہ ہو کر واش روم میں چھپ گئی۔‘
بیٹی کے مطابق ’والدہ نے حملہ آوروں کو پکڑنے کی کوشش کی تو انہوں نے کیمیکل والدہ پر پھینکا اور تشدد بھی کیا۔ والدہ کو سر میں گہری چوٹ لگی اور وہ گر پڑیں جبکہ ملزم فرار ہو گئے۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ’بیان دینے والی خاتون کو چھ ماہ قبل طلاق ہوئی ہے اور ان کی دونوں بیٹیاں سابق شوہر کے پاس ہیں۔‘
پولیس کے مطابق ’سابق شوہر کی جانب سے خاتون کو دھمکیاں بھی مل رہی تھیں۔ اس واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔‘