فوڈ فیسٹیول میں پاکستان سمیت ترکی، مراکش اور انڈونیشیا کی نمائندگی کرنے والے منتخب وینڈرز، شیفز اور فوڈ سٹالز موجود ہوں گے۔
تقریب کے منتظمین کی کمیٹی کے ڈائریکٹر ولید جہانگیر نے بتایا ہے’ دنیا بھر میں مسلم آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث حلال فوڈ کی مصنوعات کی مانگ دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔‘
ولید جہانگیر نے مزید کہا ’حلال فوڈ سے تیارکردہ اعلیٰ ذوق اور معیاری ذائقوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی نے نہ صرف مسلمان صارفین بلکہ غیر مسلموں کی توجہ بھی حلال کھانوں کی طرف مبذول کرائی ہے۔‘
اس تقریب میں معروف شیف شخصیات کے تیارکردہ کھانوں کے ذائقوں سے متعلق لائیو کوکنگ شو منعقد کیا جائے گا جس کی میزبانی عالمی شہرت یافتہ شیف شیلینا پرمولو کریں گی۔
شیلنیا پرمولو 2012 کے بی بی سی ماسٹر شیف پروگرام کی ماسٹر شیف انعام یافتہ ہیں اور آئی ٹی وی کے پروگرام ’کوکنگ ود دی سٹارز‘ پر کھانوں کی ریسپی کے لیے مشہور ہیں۔
معروف شیف کے کھانوں سے متعلق لائیو کوکنگ شو منعقد ہوں گے۔ فوٹو انسٹاگرام
ورلڈ حلال فوڈ فیسٹیول میں معروف شیف نادیہ حسین اور بگ زو جیسی مشہور شخصیات کے ساتھ ساتھ نیٹ فلکس کے اداکاروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
فیسٹیول میں صحت سے متعلق موبائل ہیلتھ کلینک موجود ہو گا جہاں آنے والے زائرین کو فیوچر ہیلتھ سے متعلق مفید مشوروں کے ساتھ ہیلتھ چیک اپ کرانے کا موقع مہیا کیا جائے گا۔
فیسٹیول کے ڈائریکٹر جہانگیر نے مزید بتایا ’ہم تقریب میں مختلف پینلز کے ذریعے پروگرام منعقد کر رہے ہیں جس سے نئے شیفز کی حوصلہ افزائی ہو گی اور انہیں زندگی کے تمام دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو خوراک ، ثقافت، اقدار اور ذائقوں سے متعلق جاننے کا موقع میسر آئے گا۔‘
زائرین کو خوراک، ثقافت اور ذائقوں سے متعلق جاننے کا موقع ملے گا۔ فوٹو انسٹاگرام
فوڈ فیسٹیول میں مقامی چھوٹے دکانداروں کو بہترین لوکیشن پر اپنے سٹالز لگانے کی پیشکش کی گئی ہے تاکہ وہ حلال فوڈ کے ساتھ تیار کی گئی اپنی مصنوعات کی نمائش کا بڑھ چڑھ کر تشہیر کر سکیں۔
فیسٹیول میں’مقامی ذائقے‘ کے عنوان سے ایک منفرد پروگرام منعقد کیا جائیگا، اس پروگرام میں حصہ لینے والے اپنے تیار کردہ کھانے نئے ذائقوں کی تلاش کے خواہشمند یہاں آنے والے ہزاروں زائرین کو منفرد ذائقے کے پکوان پیش کر سکیں گے۔