Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نائجیریا کی شیف کا ورلڈ ریکارڈ قائم، لگاتار 100 گھنٹے تک کھانا بنا ڈالا

ہلدا باچی نے انڈین شیف لتا ٹنڈن کا 87 گھنٹوں اور 45 منٹ کا ریکارڈ توڑ دیا (فائل فوٹو: روئٹرز)
افریقہ کے ملک نائجیریا سے تعلق رکھنے والی شیف نے ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے لیے لگاتار 100 گھنٹے کھانا بنا ڈالا۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پیر کے روز نائجیریا سے تعلق رکھنے والی شیف نے طویل ترین وقت یعنی 100 گھنٹوں تک کے بغیر رُکے کھان بنایا۔
ہلدا باچی نامی شیف نے اس ورلڈ ریکارڈ کو قائم کرنے کے لیے گذشتہ ہفتے جمعرات کے روز سے کھانا بنانا شروع کر دیا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے انڈین شیف لتا ٹنڈن کا 87 گھنٹوں اور 45 منٹ کا ریکارڈ توڑ دیا جو انہوں نے 2019 میں اپنے نام کیا تھا۔
ہلدا باچی نے گرین وِچ مِین ٹائم کے مطابق شام 7 بج کر 45 منٹ پر نائجیریا کے صنعتی شہر لاگوس میں لگاتار 100 گھنٹوں تک کھانا بنایا جس کے بعد انہیں ملک بھر میں خوب شہرت مل رہی ہے۔
اس موقع پر ہزاروں افراد موجود تھے جو کہ ہلدا کے لیے گیت گا رہے تھے اور پھر جب انہوں نے مقررہ وقت کے بعد کھانا بنانا ختم کیا تو ورلڈ ریکارڈ کے انتظار میں موجود افراد جھوم اُٹھے۔
دوسری جانب گنیز ورلڈ ریکارڈ کے جانب سے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ انہیں اس بات کا علم ہے کہ شیف نے کھانا بنانے کا ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹویٹ کے مطابق ’ہمیں ورلڈ ریکارڈ کی تصدیق کرنے سے قبل اس کے تمام شواہد کا جائزہ لینا ہوگا۔‘
اس ریکارڈ کی کوشش میں ہلدا باچی نے جمعرات کے روز کہا کہ ’وہ دکھانا چاہتی تھیں کہ نائجیریا کی نوجوان نسل کتنی محنتی اور ثابت قدم ہے۔‘
’وہ اس سے نوجوان افریقی خواتین کے لیے مہم بھی چلانا چاہتی تھیں جنہیں معاشرے میں نظرانداز کیا جاتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب کسی برینڈ کے ساتھ کام کرنا ہو، آپ کو ضرورت سے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے تاکہ آپ کو سنجیدہ لیا جائے۔‘
جمعرات کے روز دوپہر تین بجے کے قریب انہوں نے درجنوں نائجیرین پکوان بنانا شروع کیے، جس میں سُوپ سے سٹیو سمیت کئی پروٹینز اور مغربی افریقہ کے مشہور جولوف رائس بھی شامل تھے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ’ہمیں ورلڈ ریکارڈ کی تصدیق کرنے سے قبل اس کے تمام شواہد کا جائزہ لینا ہوگا‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)

وہ ہر گھنٹے میں صرف پانچ منٹ کا وقفہ لیتی تھیں جبکہ ہر 12 گھنٹوں بعد ایک گھنٹہ آرام کرتی تھیں جس میں غسل اور میڈیکل چیک اپ بھی شامل تھے۔
ان کی اس کاوِش کو سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر بے شمار افراد نے دیکھا جبکہ ریکارڈ بنانے کے مقام پر ہزاروں کی تعداد میں مقامی شہریوں سمیت سلیبریٹیز انہیں داد دینے کے لیے موجود رہیں۔
ورلڈ ریکارڈ توڑنے کے بعد نائجیریا کے صدر محمدو بوہاری نے اپنی ٹویٹ میں اسے نائجیریا کے لیے عظیم دن قرار دیا۔
وہ کہتے ہیں کہ ’ہلدا کے عزم اور مقصد نے نائجیریا کے کھانوں میں شاندار دلچسپی اور نرالا پن لایا ہے۔‘

شیئر: