Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں  'عز الوطن 3' تقریب ایئر شو کے ساتھ اختتام پذیر

فضائی مظاہروں میں فوجی جنگی طیاروں نے آسمان پر 94  کا نمبر بنا دیا۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے  94ویں قومی دن کے موقع پر وزارت داخلہ کی جانب سے منعقد  کی جانے والی ’عز الوطن 3‘ کے نام سے شاندار تقریب اختتام پذیر ہو گئی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے منعقد ہونے والی تقریب میں بینڈ کی پرفارمنس اور فوجی پریڈز کا مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب  کے حوالے سے ریاض کی کنگ سعود یونیورسٹی میں فضائی نمائش دکھائی گئی اور اہم تاریخی واقعات پر توجہ مرکوز کرنے والے علمی مکالمے  پیش کئے گئے۔
پروگرام کے اختتام پر وزارت داخلہ کی کوششوں اور حفاظتی نظام کے ساتھ ساتھ  سعودی شہریوں، مقیمین اور زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
قومی دن ایک خاص اہمیت رکھتا ہے، جس میں عظیم تاریخی ورثے کے محافظوں، بہادری اور قربانی کے جذبے سے سرشار وطن کے جانثاروں کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
قبل ازیں پیر کے روز ریاض میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مختلف سرکاری و نجی اداروں کے تعاون سے منعقد کی گئی شاندار فضائی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

یوم الوطنی عظیم تاریخی ورثہ کے حوالے سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ فوٹو واس

فضائی نمائش میں موجود ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سیکیورٹی کے ایک طیارے کو زائرین نے بے حد سراہا جس پر سعودی پرچم بنایا گیا تھا۔
نمائش میں نیشنل گارڈز کی وزارت سے ہیلی کاپٹر فارمیشنز، وزارت دفاع کے تحت رائل سعودی ایئر فورس کے طیارے اور سعودیہ ایئرلائنز اور فلائی اے ڈیل کے سویلین جہاز بھی موجود تھے۔
فضائی مظاہروں میں فوجی جنگی طیاروں نے آسمان پر 94  کا نمبر بنایا اور سعودی ہاکس ایروبیٹک ٹیم کے پائلٹس نے شاندار مہارت سے انتہائی خوبصورت اور پیچیدہ فضائی کرتب دکھائے۔

اختتامی تقریب میں  وزارت داخلہ کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ فوٹو واس

فضائی نمائش میں رائل گارڈ پریذیڈنسی، پریذیڈنسی آف سٹیٹ سیکیورٹی، جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن، مطرات کمپنی، سعودی ایئر نیوی گیشن سروسز، سعودی ایوی ایشن کلب اور سعودی براڈکاسٹنگ اتھارٹی نے بھی شرکت کی۔
 

شیئر: