Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے عمرہ زائرین کے لیے تصدیق شدہ عمرہ آپریٹرز کی فہرست جاری  کر دی

وزارت مذہبی امور کی جانب سے تصدیق شدہ عمرہ آپرپٹرز کی فہرست احتیاطی تدبیر کے طور پر جاری کی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے سرکاری طور پر منظور شدہ عمرہ ٹریول ایجنٹس کی فہرست جاری کر دی ہے جس کا مقصد عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے شہریوں کو دھوکہ دہی سے بچانا ہے۔
اُردو نیوز کو موصول ہونے والی وزارت مذہبی امور کی فہرست کے مطابق سال 2024-25 کے لیے ملک بھر سے 37 عمرہ ٹریول ایجنٹس کی تصدیق کی گئی ہے۔
اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ ’جاری کی گئی فہرست میں صرف ایسے عمرہ ٹریول ایجنٹس کو شامل کیا گیا ہے جن کی دستاویزات اور غیرملکی کمپنی کے ساتھ کام کرنے کے معاہدے کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
ملک میں کام کرنے والے تصدیق شدہ عمرہ ایجنٹس کی فہرست کے مطابق اس وقت سب سے زیادہ یعنی 15 تصدیق شدہ عمرہ ٹریول ایجنٹس کراچی میں کام کر رہے ہیں۔ اِن 15 عمرہ ایجنٹس کو باضابطہ طور پر تصدیق کرنے کے بعد لائسنس جاری کیا گیا ہے۔
یہ ایجنٹس کراچی کے مختلف علاقوں میں کام کر رہے ہیں۔
کراچی سول لائنز میں 2 جبکہ اکبر روڈ اور دو تلوار کلفٹن کے مقام پر ایک ایک عمرہ ایجنٹ موجود ہے۔ اس کے علاوہ صدر کراچی میں 3، خیابان رومی بلاک فائیو کلفٹن میں ایک اور کورنگی میں بھی ایک تصدیق شدہ عمرہ ایجنٹ کام کر رہا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی فہرست میں بتایا گیا ہے کہ کراچی بحریہ ٹاؤن، آغا سپر مارکیٹ اور کلب روڈ پر بھی تصدیق شدہ عمرہ ایجنٹس کے دفاتر موجود ہیں۔
مزید برآں کراچی نارتھ ناظم آباد میں بھی وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ ٹریول ایجنٹ کام کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں 7 تصدیق شدہ عمرہ ٹریول ایجنٹس
کراچی کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کے تصدیق شدہ عمرہ ایجنٹس کی تعداد دوسرے نمبر پر آتی ہے۔اس وقت اسلام آباد میں سات عمرہ ایجنٹس کام رہے ہیں۔
اسلام آباد بلیو ایریا میں 5 تصدیق شدہ ٹریول موجود ہیں، اس کے علاوہ پی ڈیلیو ڈی، فضل حق روڈ پر بھی ایک ایک ٹریول ایجنٹ عمرہ ادائیگی کے حوالے سے خدمات فراہم کر رہا ہے۔
لاہور میں چھ تصدیق شدہ ٹریول ایجنٹس
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق لاہور شہر میں چھ ایسے عمرہ ٹریول ایجنٹس موجود ہیں جو وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ ہیں۔
راوالپنڈی میں 3، بہاولپور، ساہیوال، لوئر دیر اور ہارون آباد(بہاول نگر ) میں ایک ایک تصدیق شدہ ٹریول ایجنٹ کام کر رہا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں ان تصدیق شدہ عمرہ ٹریول ایجنٹس کے رابطہ نمبرز، ای میل ایڈریس اور لائسنس نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
37  عمرہ آپرپٹرز کی تصدیق کیسے کی گئی؟
عمرہ آپرپٹرز کی تصدیق کے طریق کار پر ترجمان وزارت مذہبی امور عمر بٹ نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ وزارت مذہبی امور کو عمرہ آپرپٹرز کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے اب تک دستاویزات اور غیر ملکی کمپنی کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کرنے کے بعد 37 عمرہ آپریٹرز کو لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔
'عمرہ آپرپٹرز کی فراہم کردہ معلومات کی تسلی سے تصدیق کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔ مذکورہ 37 عمرہ آپرپٹرز کو دستاویزات اور متعلقہ غیرملکی (سعودی) کمپینوں کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کے بعد لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔عمرہ آپریٹرز کی جانب سے کسی بھی جعلی دستاویز کی فراہمی کی صورت میں لائنسنس منسوخ کر دیا جاتا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ کا کہنا تھا کہ عمرہ ادائیگی پر کام کرنے والی سعودی عرب کی کمپنیوں کے ساتھ پاکستان سے مختلف ایجنٹس کام کرتے ہیں۔یعنی اگر کسی شہری نے عمرے کی ادائیگی کے لیے جانا ہے تو اُس کا معاملہ متعدد ایجنٹس سے ہوتا ہوا غیرملکی کمپنی تک پہنچتا ہے۔ اس عمل میں دھوکہ دہی کا عنصر شامل ہو جاتا ہے۔

وزارت مذہبی امور حج آپریشن کے ساتھ ساتھ عمرہ سے متعلقہ امور بھی سر انجام دے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

غیرضروری ایجنٹس سے چُھٹکارا حاصل کرنے کے لیے وزارت مذہبی امور نے صرف تصدیق شدہ عمرہ آپرپٹرز ہی کی فہرست جاری کی ہے جو براہ راست غیرملکی کمپنی سے رابطہ کریں گے۔ یوں عام شہری اور اصل کمپنی کے درمیان حائل غیرضروری ایجنٹس کا کردار ختم ہو جائے گا۔
اُنہوں نے واضح کیا کہ اس وقت وزارت مذہبی امور صرف حج آپریشن کو ریگولیٹ کرتی ہے جبکہ عمرہ آپریٹ کرنے کے حوالے سے چاروں صوبوں کو اختیارات دیے گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے تصدیق شدہ عمرہ آپرپٹرز کی فہرست احتیاطی تدبیر کے طور پر جاری کی گئی ہے۔
عمر بٹ نے یہ بھی بتایا کہ حال ہی میں پارلیمان سے حج و عمرہ ریگولیشن ایکٹ منظور کیا گیا ہے جس کے تحت قواعد و ضوابط بنا کر عمرہ ادائیگی کی ذمہ داری بھی وزارت مذہبی امور کے سُپرد کر دی جائے گی۔
اس اقدام کے تحت وزارت مذہبی امور حج آپریشن کے ساتھ ساتھ عمرہ سے متعلقہ امور بھی سر انجام دے گی اور عمرہ ادائیگی کے عمل کو مزید سہل بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

شیئر: