کانپور ٹیسٹ: بندروں کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے سٹیڈیم میں لنگور ’تعینات‘
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے. (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کانپور میں جاری سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے حوالے سے ایک دلچسپ خبر سامنے آئی ہے کہ سٹیڈیم میں بندروں کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے لنگوروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن نے کانپور کے گرین پارک سٹیڈیم میں جاری انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران بندروں کو سٹیڈیم میں گھسنے سے روکنے کے لیے انوکھا کام کیا ہے۔
بندر سٹیڈیم میں آنے والے تماشائیوں سے کھانے پینے کی چیزوں سمیت موبائل فون تک چھین کر لے جاتے ہیں جس کے لیے سٹیڈیم کی انتظامیہ نے لنگوروں کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
میچ کے لیے یوں تو سٹیڈیم میں سکیورٹی گارڈز موجود ہیں تاہم بندروں سے حفاظت کے لیے مزید سکیورٹی منگوائی گئی ہے۔
سٹیڈیم کے ڈائریکٹر سنجے کپور کہتے ہیں کہ ’بندروں کے خطرے سے بچنے کے لیے ہم نے لنگوروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔‘
سنجے کپور نے مزید انکشاف کیا کہ سٹینڈ میں موجود کیمرہ پرسن کو بندروں سے کھانے پینے کی اشیا چھین کر لے جانے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
دوسری جانب میچ کے آغاز سے قبل ایک اور تنازع بھی دیکھنے میں آیا جب سٹیڈیم کے سی بلاک کو تماشائیوں کے بیٹھنے کے لیے نامکمل قرار دیا گیا۔
کانپور ٹیسٹ میچ کے پہلے دن اس سٹینڈ کو بند رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔