Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ملتان میں سات سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سلیکٹرز کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
منگل کو پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں انگلینڈ کے خلاف ملتان میں سات سے 11 اکتوبر تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ سکواڈ کے اعلان کے بعد  ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی تجویز پر منتخب کھلاڑیوں کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے پلے آف سے دستبردار کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں سیریز سے قبل کچھ آرام مل سکے۔
سکواڈ پیر 30 ستمبر کو ملتان میں جمع ہو گا جہاں تربیتی کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔

پاکستان کا سکواڈ

شان مسعود(کپتان)، سعود شکیل(نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، میر حمزہ ، محمد ہریرہ، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد(وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی پہلے ٹیسٹ کے سکواڈ میں شامل ہیں۔
15 ٹیسٹ میچوں میں 47 وکٹیں لینے والے بائیں بازو کے سپنر نعمان علی نے  فاسٹ بولر خرم شہزاد کی جگہ لی ہے جو کہ انجرڈ ہیں۔
کامران غلام اور محمد علی جو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ تھے، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ میں جگی بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’سلیکشن پالیسی میں مستقل مزاجی و تسلسل پر زور دینے کی وجہ سے اور اس یقین کی وجہ سے کہ ایک ٹیسٹ کے لیے 15 کھلاڑی کافی ہیں۔
کھلاڑیوں کو چیمپیئنز ون ڈے کپ اور تین اکتوبر سے شروع ہونے والے پریذیڈنٹ کپ میں اپنی ٹیموں کی نمائندگی جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا اور حوصلہ افزائی کی گئی ہے تاکہ کھلاڑی مسابقتی کرکٹ کے ذریعے خود کو تیار رکھیں۔‘
پاکستان مینز ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا ہے کہ ’مصروف ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ شیڈول کے ساتھ  یہ سمجھ میں آتا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل اپنے کھلاڑیوں کو آرام کی ضرورت ہے۔
ہم یہاں انگلینڈ کے خلاف پاکستان میں سیریز کا بے حد انتظار کر رہے ہیں، ہم اپنے جوشیلے فینز کے سامنے کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔‘
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز شیڈولڈ ہیں جن میں سے سیرز کا پہلا میچ سات اکتوبر سے 11 اکتوبر جبکہ دوسرا میچ 15 سے 19 اکتوبر تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 24 سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: