پاکستان: بارشوں کا نیا سلسلہ 5 اکتوبر سے، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سیلاب کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق ’رواں سال اکتوبر سے دسمبر تک معمول سے کم بارشیں ہوں گی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’ملک کے بالائی علاقوں میں 5 اکتوبر سے بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگا جو 8 اکتوبر تک جاری رہے گا۔‘
پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک جاری رہنے والی بارشوں سے مشرقی پنجاب اور شمال مغربی خیبر پختونخوا میں تازہ سیلاب آسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل مہر صاحبزاد خان نے ریڈیو پاکستان کو بتایا کہ ’توقع ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ 5 سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گا۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’معمول سے کم بارشیں مون سون کے دورانیے کے بعد رواں سال اکتوبر سے دسمبر تک ہوں گی۔‘
ملک میں آبی ذخائر کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ’موسلادھار بارشوں سے تربیلا ڈیم 86 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 76 فیصد تک پانی سے بھر چکا ہے۔‘
این ڈی ایم اے کے مطابق ’یکم جولائی سے ستمبر تک ہونے والی موسلادھار بارشوں سے ملک میں اب تک 175 بچوں اور 54 خواتین سمیت 347 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔‘
اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیمیں پاکستان کو ان ممالک میں شمار کرتی ہیں جنہیں موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ خطرہ ہے۔
سنہ 2022 میں ہونے والی موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے پاکستان میں انفراسٹرکچر اور معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔ اس سیلاب سے 1700 افراد ہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہوگئے۔