Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کی قدیم انٹرنیشنل مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا

فائٹر فائٹنگ کے 20 سے زیادہ یونٹس نے آگ بجھانے میں حصہ لیا (فوٹو: اخبار 24)
جدہ کےعلاقے روضہ ڈسڈرکٹ میں واقع جدہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں اتوار کی صبح لگنے والی آگ پر تقریبا بارہ گھنٹے کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا۔
آگ لگنے سے جدہ کی قدیم مارکیٹ جزوی طور پر تباہ ہوگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
 شہری دفاع کی ٹیموں نے آگ کو قریبی عمارتوں تک پھیلنے سے روکا۔ فائٹر فائٹنگ کے 20 سے زیادہ یونٹس نے آگ بجھانے کی کوششوں میں حصہ لیا۔
جدہ انٹرنیشنل مارکیٹ تقریبا 50 سا ل پہلے قائم ہوئی تھی اور یہ مملکت کی قدیم ترین مارکیٹوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے، خوفناک آگ نے مارکیٹ کے بڑے حصے کو تباہ کردیا۔
اس میں تقریبا 200 دکانیں ہیں جن میں معروف انٹرنیشنل برانڈز، الیکڑانکس، زیورات، ملبوسات اور واچز اور ایشیائی ریستوران شامل ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق آتشزدگی سے مارکیٹ کے گیٹ نمبر ایک اور چار منہدم ہوگئے۔ آگ فجر سے قبل گیٹ نمبر چار سے شروع ہوئی اور مارکیٹ میں پھیل گئی۔
سکیورٹی حکام اور شہری دفاع کی ٹیموں نے اطراف کی سڑکوں کو بند کردیا اور مارکیٹ کے گرد حصا ر قائم کرلیا۔

آتشزدگی سے مارکیٹ کے گیٹ نمبر ایک اور چار منہدم ہوگئے

ایک کیفے اور الیکڑانکس کی دکان کے مالک معمر العویدی نے عرب نیوز کو بتایا’ انہیں صبح اٹھ بجے اپنے ملازم کی جانب سے اطلاع ملی لیکن مقامی حکام نے گہرے دھوئیں کے باعث علاقے سے دور رہنے کا مشورہ دیا‘۔
انہوں نے بتایا ’آگ لگنے کی بنیادی وجہ گیٹ نمبر ایک کے قریب ایک نئی دکان کی سجاوٹ تھی۔ یہ وہاں سے شروع ہوئی اور قریبی سٹورز اور دیگر ایشیائی ریستورانوں تک پھیل گئی‘۔
عینی شاہدین نے بتایا ’آگ کے شعلوں نے تیزی سے مارکیٹ کے ایک حصے کو لپیٹ میں لے لیا جہاں نجی بوتیک، ریستوران اور مارکیٹ کے سٹال موجود تھے‘۔

شیئر: