Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حمایت جاری رکھیں گے‘، پی سی بی نے بابر اعظم کا استعفیٰ منظور کر لیا

بابر اعظم نے یکم اکتوبر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان بابر اعظم کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
بدھ کے روز جاری ہونے والی پریس ریلیز میں پی سی بی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا فیصلہ بیٹنگ پر توجہ دینے کی خواہش ظاہر کرتا ہے اور اب سلیکشن کمیٹی مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا عمل شروع کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ بابر اعظم نے منگل کی شام پاکستان مینز وائٹ بال کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جسے منظور کر لیا گیا ہے۔ قومی سلیکشن کمیٹی کو مستقبل میں وائٹ بال کرکٹ کی حکمت عملی بنانے کا عمل شروع کرنے کا کام سونپا گیا ہے جس میں نئے کپتان کی  سفارش بھی شامل ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگرچہ پی سی بی نے بابر اعظم کی وائٹ بال کے کپتان کے طور پر حمایت کی تھی لیکن ان کا مستعفی ہونے کا فیصلہ بطور کھلاڑی اپنی گیم پر توجہ دینے کی خواہش  ظاہر کرتا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ’یہ فیصلہ بابر اعظم کی پیشہ ورانہ مہارت اور پاکستان کرکٹ سے وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بابر کا یقین ہے کہ اپنی بیٹنگ کے لیے خود کو پوری طرح وقف کر دینے سے وہ  شارٹ فارمیٹس میں ٹیم کی کامیابی میں زیادہ فیصلہ کن کردار ادا کر سکیں گے۔‘
پی سی بی نے مزید کہا کہ وہ بابر کے بطور وائٹ بال کپتان کردار، ٹیم کی ضروریات کو ترجیح دینے کی صلاحیت اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی غیر متزلزل لگن کو تسلیم کرتا ہے۔
پی سی بی نے کہا کہ وہ بابر اعظم کی حمایت جاری رکھے گا اور اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے پاس ایک ورلڈ کلاس بیٹر اور ٹیم کے سینئر ممبر ہیں۔
واضح رہے پاکستان کی ون ڈے  ٹیم کے کپتان رہنے والے بابر اعظم نے منگل کے روز مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
اپنے پیغام میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ میرے لیے سب سے بڑا اعزاز رہا ہے اور میں نے ہمیشہ ٹیم کی کامیابی کو ہر چیز پر فوقیت دی ہے۔ کپتان کے عہدے سے سبکدوش ہونے سے مجھے بطور کھلاڑی ٹیم کے لیے اور بھی زیادہ کام کرنے میں مدد ملے گی اور میں اس راستے پر پوری طرح پرعزم ہوں۔‘
انہوں نے کہا ’ٹیم کی کامیابی سب سے اہم ہے۔ مجھے پانچ قابل ذکر سالوں تک پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے کا اعزاز حاصل رہا، ہمیشہ کپتان اور کھلاڑی دونوں کے طور پر اپنا بہترین کردار پیش کرنے کی کوشش کی۔ اس مرحلے پر مجھے پختہ یقین ہے کہ میں اپنی بیٹنگ پر توجہ دے کر بڑا اثر ڈال سکتا ہوں۔‘
بابر کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اپنی کپتانی کے دوران اپنے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور پی سی بی کے مسلسل تعاون کے لیے شکر گزار ہوں۔ اگرچہ پاکستان کی قیادت کرنا ایک بہت بڑا اعزاز رہا ہے لیکن اب یہ صحیح وقت ہے کہ میں اب بیٹنگ اور ٹیم کے مقاصد پر اپنی پوری توجہ مرکوز کروں اور نئے کپتان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی حمایت کروں کیونکہ ہم آگے ایک اہم سیزن کی تیاری کر رہے ہیں، جس میں اگلے سال اپنی سرزمین پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا دفاع کرنا ہے‘۔

شیئر: