بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی کال پر ڈی چوک اسلام آباد میں ان کی جماعت کا احتجاج جاری ہے۔
احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کے کارکن مختلف اطراف سے ڈی چوک پہنچنے اور رکاوٹوں کو ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی چوک پہنچنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔ اس دوران اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو بھی گرفتار کر لیا اور انہیں وومن پولیس سٹیشن منتقل کردیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جمعے کی شام کو جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ’اس نے 30 مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔‘
پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے اسلام آباد انتظامیہ نے ڈی چوک اور اِس سے متصل جناح ایوینیو کی لائٹس بھی بند کردی ہیں۔
ڈی چوک کو ایک روز قبل ہی کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا تھا جبکہ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے جمعرات کی رات کو سیل کردیے گئے۔
اسلام آباد پولیس، ایلیٹ فورس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کی بھاری نفری جناح ایوینیو اور ڈی چوک پر موجود ہے۔
اس دوران پولی کلینک کے قریب پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے شیل پھینکے گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج کی وجہ سے اسلام آباد کے جُڑواں شہر راولپنڈی کو بھی مکمل سیل کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد پل کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے۔ فیض آباد میٹرو سٹیشن کے قریب کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو مُنتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی۔
---------------------------------------------------------------------------------
ہمارے کارکن باہتر انٹرچینج پہنچ چکے ہیں: بیرسٹر سیف کا دعویٰ
خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے دعویٰ کیا ہے کہ ہمارے کارکن موٹروے پر باہتر انٹرچینج تک پہنچ گئے ہیں، کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ کی کوششوں سے ایک کامیاب احتجاج ہو رہا ہے۔
جمعے کی رات ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’ہمارے قافلے باہتر انٹرچینج سے رکاوٹیں ہٹا رہے ہیں، پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی جا رہی ہے، ریاستی جبر کا استعمال کیا جا رہا ہے، تمام تر کوششوں کے باوجود ہمارے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔‘
---------------------------------------------------------------------
محسن نقوی کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس افسران کو وزارت داخلہ کے آر بلاک طلب کر لیا۔
محسن نقوی کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس چل رہا ہے جس میں آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشن اور اعلٰی افسران شامل ہیں۔
اجلاس میں احتجاج کے پیش منظر پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
----------------------------------------------------------------------------
ایس سی او کا اجلاس، اسلام آباد میں فوج طلب
وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے پیش نظر اسلام آباد میں فوج طلب کر لی ہے۔
جمعے کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت دارالحکومت میں پانچ سے 17 اکتوبر تک فوج کو تعینات کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوج کو ایس سی او کے 23 ویں اجلاس کے پیش نظر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
-----------------------------------------------------------------
عمران خان کی دو بہنیں ڈی چوک سے گرفتار
سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں کی اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو پولیس نے ڈی چوک سے گرفتار کیا ہے۔ دونوں بہنوں کو تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
---------------------------------------------------------------------------------
اب تک 30 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے: آئی جی اسلام آباد
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوری نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے اب تک 30 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
جمعے کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔
--------------------------------------------------------------------------------
جب کوئی مہمان آتا ہے تو پی ٹی آئی کو احتجاج کیوں یاد آتا ہے؟ مصدق ملک
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے حوالے سے کہا ہے کہ جب کوئی مہمان آتا ہے تو آپ کو احتجاج کیوں یاد آتا ہے؟
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاص وقت میں ہی آپ کے خط بھی منظر عام پر آتے ہیں، ترقی کا سفر کس سے نہیں برداشت ہو رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کنٹینر سے اتری اور سی پیک کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ ہم نے سوچا شاید سیاست میں نئے نئے آئے ہیں تو تباہی کر گئے۔‘
-----------------------------------------------------------------------------------