امریکہ نے ایک سال کے دوران اسرائیل کو 17.9 ارب ڈالر کی فوجی امداد دی: رپورٹ
امریکہ نے ایک سال کے دوران اسرائیل کو 17.9 ارب ڈالر کی فوجی امداد دی: رپورٹ
پیر 7 اکتوبر 2024 17:50
سنہ 1959 سے اب تک اسرائیل کو امریکہ نے 251.2 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے گذشتہ برس سات اکتوبر کے حماس کے حملوں کے بعد اسرائیل کو ریکارڈ 17.9 ارب ڈالر مالیت کی فوجی امداد فراہم کی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق براؤن یونیورسٹی کے ’کاسٹ آف وار‘ پراجیکٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے علاوہ اس دورانیے کے دوران 4.86 ارب ڈالر خطے میں امریکہ کی جانب سے اضافی آپریشنز پر خرچ ہوئے۔
ان اخراجات میں یمن کے حوثیوں کی جانب سے تجارتی جہازوں پر حملوں کو روکنے کے لیے آپریشنز پر اٹھنے والے اخراجات بھی شامل ہیں۔
مذکورہ رپورٹ اسرائیل کی جانب سے ستمبر کے آخر میں لبنان کا محاذ کھولنے سے پہلے مکمل کی گئی تھی۔
یہ امریکہ کی اسرائیل کی حمایت اور خطے میں ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کو روکنے کے حوالے سے امریکی اخراجات کی تفصیلات پر مشتمل اولین رپورٹ ہے۔
معاشی قیمت کے ساتھ ساتھ جنگ کے دوران ہزاروں انسانی جانوں کا بھی ضیاع ہوا۔ حماس نے اسرائیل پر حملہ کر کے 12 سو افراد کو ہلاک کیا اور کئی ایک کو یرغمال بنا لیا۔
اسرائیل کے جوابی حملے میں غزہ میں اب تک 42 ہزار افراد مارے گئے ہیں۔ لبنان میں حزب اللہ کے جنگجوؤں اور سویلین سمیت 14 سو افراد مارے گئے ہیں۔
غزہ جنگ کی معاشی کاسٹ کا حساب ہارورڈ یونیورسٹی کے جان ایف کینیڈی سکول آف گورنمنٹ کی پروفیسر لنڈ جے بلمز نے لگایا ہے جنہوں نے 11 ستمبر کے حملوں کے بعد امریکی جنگ کی کاسٹ کا حساب لگایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل سب سے زیادہ امریکی فوجی امداد وصول کرنے والا ملک ہے۔ سنہ 1959 سے اب تک اسرائیل کو امریکہ نے 251.2 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی ہے۔
سات اکتوبر کے بعد امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی 17.9 ارب ڈالر کی امداد بھی کسی ایک سال میں امریکہ کی جانب سے اسرائیل کو دی گئی سب سے بڑی امداد ہے۔
غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد امریکہ کی جانب سے دی گئی امداد میں فوجی فنانسنگ، ہتھیاروں کی فروخت اور استمال شدہ ہتھیاروں کی فراہمی شامل ہیں۔
امریکی ہتھیاروں میں زیادہ تر گولہ بارود، توپ، بنکر کو تباہ کرنے والے بم شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق چار ارب ڈالر کے اخراجات اسرائیل کے آئرن ڈوم اور ڈیوڈ سلنگ میزائل ڈیفنس سسٹم کو فغال رکھنے اور رائفل اور جیٹ فیول خریدنے پر کیے گئے۔
محققین کے مطابق یوکرین کو دی جانے والی باضابطہ فوجی امداد کے برخلاف اسرائیل کو دی جانے والی امداد کی مکمل تفصیل حاصل کرنا ناممکن ہے اس لیے 17.9 ارب ڈالر کے اعداد و شمار مکمل نہیں ہیں۔