Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں زمینی آپریشن کے دوران حزب اللہ کے 250 جنگجوؤں کو مار دیا: اسرائیل

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے لبنان کے خلاف زمینی آپریشن شروع کرنے کے بعد اب تک حزب اللہ کے 250 جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ ’حزب اللہ کے مارے گئے جنگجوؤں میں کئی بٹالین اور کمپنی کمانڈرز بھی شامل تھے۔‘
لیفٹیننٹ کرنل ناداو شوشانی کا مزید کہنا تھا کہ ’اسرائیلی فوج نے جمعرات کو جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز پر بمباری کی جس سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔‘
جمعے کو ہی حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’تنظیم کے سابق سربراہ حسن نصراللہ کی ایک خفیہ مقام پر تدفین کر دی گئی ہے۔‘
جمعے کے روز حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ حسن نصراللہ کی خفیہ مقام پر عارضی تدفین اسرائیل کے ممکنہ حملے کی وجہ سے کئی گئی ہے۔
حزب اللہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’جب تک عوامی سطح پر نماز جنازہ کے لیے حالات سازگار نہیں ہو جاتے، اس وقت تک کے لیے حسن نصراللہ خفیہ مقام پر دفن کیے گئے ہیں۔‘
اس سے قبل تہران میں نمازِ جمعہ کے بعد اپنے خطاب میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا تھا کہ ایران اور اس کی علاقائی پراکسیز اسرائیل سے ہار نہیں مانیں گے۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’ہماری مسلح افواج کی جانب سے منگل کو اسرائیل پر کی گئی کارروائی مکمل طور پر قانونی اور جائز تھی۔‘

شیئر: