Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وفد اور صدر زرداری کے درمیان ملاقات، اقتصادی تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ

ملاقات میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان اور سعودی عرب نے معیشت، زراعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق جمعرات کو سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی سربراہی میں سعودی وفد اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے خطے اور اسلامی دنیا کے لیے ایک خوشحال او پرامن مستقبل کی تعمیر کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دوستی کے بارے میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل المدتی اور آزمودہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے دو طرفہ تعلقات کو طویل المدتی سٹریٹیجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کا تعاون دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لائے گا۔
صدر زرداری نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے پاکستان کے احترام کا اعادہ کیا اور سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی دور اندیش قیادت کی بھی تعریف کی۔
صدر زرداری نے سعودی عرب کی ویژن 2030 کے تحت شاندار ترقی کو بھی سراہا اور مشکل گھڑی میں مملکت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
 صدر نے کہا کہ وہ سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی سٹریٹیجک جغرافیائی اہمیت اور قدرتی وسائل اور قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو تسلیم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے تعمیری انفراسٹرکچر اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے اور سعودی وفد مختلف شعبوں میں 25 معاہدوں پر دستخط کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان معاہدوں سے دوطرفہ اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔
دونوں برادر ممالک نے زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

شیئر: