پشاور..خیبر پختونخوا کے وزیرمال اور تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور نے اپنے حلقے میں منفرد طریقے سے عیدی تقسیم کرنے کا اعلان واپس لے لیا۔ علی امین گنڈا پور نے ہوائی جہاز سے عیدی گرانے کا منفردپروگرام بنایا تھا تاہم تنقید کے بعد پروگرام منسوخ کردیا گیا ۔بچوں سے کہا گیا ہے کہ اپنی عیدی امین ہا وس آکروصول کرلیں۔ بچوں کو عید کے تیسرے دن گفٹس بھی ملیں گے۔ اس سے قبل کہ علی امین گنڈا پور نے اپنے فیس بک پیج پر اعلان کیا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان حلقہ پی کے 64 کی تمام یونین کونسلز میں منفرد طریقے سے عیدی تقسیم کی جائے گی۔ اشتہار میں کہا گیا تھا کہ بچوں کو عید کارڈ اور عیدی ان کی دہلیز پر ملے گی۔ علی امین گنڈا پور نے سوشل میڈیا پر تشہیر میں اپنے علاوہ ہوائی جہاز، عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی تصاویر بھی نمایاں طور پر شیئر کی تھیں۔تحریک انصاف کے رہنما کے اس اعلان پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔