Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ عبدالعزیز فاؤنڈیشن کے میگزین ایڈیٹر انچیف ’ ڈاکٹررچرڈ‘ کو سعودی شہریت

ڈاکٹر رچرڈ کا کہنا ہے کہ ’سعودی شہریت ملنا میرے لیے بڑا اعزاز ہے‘(فوٹو الشرق الاوسط)
ایوان شاہی کی جانب سے ڈاکٹر رچرڈ مارٹیل کو سعودی شہریت دینے کے احکامات صادر کردیئے گئے۔ ڈاکٹر رچرڈ شاہ عبدالعزیز فاؤنڈیشن ریسرچ اینڈ آرکائیو کے زیر انتظام شائع ہونے والے میگزین ’دارہ‘ (انگلش) کے ایڈیٹرانچیف ہیں۔
عربی روزنامہ الشرق الاوسط  کے مطابق ڈاکٹر مارٹیل نے 1983 میں قاہرہ یونیورسٹی سے اسلامی تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ۔
ان کا شمار اسلامی تاریخ کے ماہر میں ہوتا ہے انہوں نے اپنی تحقیق میں ثقافت و تاریخ کو کافی اجاگر کیا۔
ڈاکٹر مارٹیل گزشتہ 47 برس سے سعودی عرب کی جامعات میں اہم خدمات انجام دیتے آئے ہیں۔ وہ 1977 میں شاہ سعود اور امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی میں تدریسی کمیٹی کے رکن بھی رہے جبکہ شاہ عبدالعزیز فاؤنڈیشن میں تحقیقی امور کے مشیر کے طورپر بھی خدمات انجام دیں۔
ڈاکٹر مارٹیل نے قومی تاریخ اور دیگر امور پر 18 کتب تصنیف کیں علاوہ ازیں تحقیقی کاموں میں ان کا کافی اہم حصہ رہا ہے۔ تحقیقی کاموں پر انہیں متعدد ایوارڈز بھی دیئے گئے۔
دریں اثنا سبق نیوز کے مطابق ڈاکٹر رچرڈ مارٹیل نے سعودی شہریت ملنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس ملک میں 49 برس گزارے، کبھی یہ خیال بھی نہیں آیا تھا کہ یہاں کی شہریت سے مجھے بھی نوازا جائے گا‘۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جب مجھے یہ خبرموصول ہوئی کہ مملکت کی اعلی قیادت کی جانب سے مجھے یہ شرف دیا گیا تو میں رب تعالی اور مملکت کی قیادت کا شکر ادا کیا، اس عظیم ملک سے میرا تعلق قائم ہونا میرے لیے فخر اور اعزاز ہے‘۔
شاہی مشیر اور شاہ عبدالعزیز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے ڈاکٹر رچرڈ کو سعودی شہریت ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے انکی خدمات کوسراہا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: