شہرِریاض کے لیے ’عرب ماحولیات کا دار الحکومت‘ ایوارڈ
جمعرات 17 اکتوبر 2024 22:38
عرب وزراء کونسل کے اجلاس میں گرین سعودی عرب اقدام کو بھی سراہا گیا(فوٹو، ایس پی اے)
ماحولیاتی امور کی عرب وزراء کونسل نے شہرِ ریاض کو دو برس کے لیے ’عرب ماحولیات کا دارالحکومت ‘ کا ایوارڈ دیا ہے۔ تحفظ ماحولیات کے حوالے سے کی جانے والی کامیاب کاوشوں کی وجہ سے ریاض کو یہ اعزاز دیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق جدہ میں منعقدہ عرب وزراء کی ماحولیاتی کونسل کا 35 واں اجلاس 13 سے 17 اکتوبرتک جدہ میں وزارت ماحولیات پانی و زراعت کے تعاون سےمنعقد کیا گیا تھا جس کے اختتام پر ریاض شہر کو مذکورہ اعزاز سے نوازا گیا۔
اجلاس میں ’گرین سعودی عرب‘ کے اقدام کا جائزہ لیتے ہوئے اسے پائیدار ماحولیاتی منصوبے کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیاگیا جو وقتِ حاضر کی اشد ضرورت ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کو ایوارڈ سے نوازے جانے کے بعد تحفظ ماحولیات کے حوالے سے یہاں مزید پروگرامز بھی ترتیب دیئے گئے جن کے ذریعے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے عوامی سطح پر آگاہی مہم انتہائی اہم ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے ریاض میں ہونے والے پروگراموں سے عالمی سطح پر ریاض کی پوزیشن مزید مستحکم ہو جائے گی۔
خیال رہے امسال ریاض میں ماحولیات کے حوالے سے متعدد اہم تقریبات اور اجلاس بھی منعقد کیے جائیں گے جن میں اقوام متحدہ کے کنونشن (کوب 16) خشک سالی کے تدارک کے حوالے سے کانفرنس قابل ذکر ہے۔ کانفرنس میں 196 ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔