Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: آئینی ترمیم پر مولانا فضل الرحمان سے مشاورتی ملاقاتیں، وفاقی کابینہ اور سینیٹ اجلاس کا وقت بار بار تبدیل

آئینی ترمیم پر مشاورت کے لیے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیاستدانوں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جا ری ہے۔
سنیچر کو مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، تحریک انصاف کے وفد اور بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ملاقات کی۔
سنیچر کی دوپہر مولانا فضل الرحمان کی مداخلت پر پی ٹی آئی کے پانچ رکنی وفد کو ملاقات کی اجازت ملی جس کے بعد رہنما اڈیالہ روانہ ہوئے۔ وزیر اطلاعات نے بھی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تحریک انصاف کے وفد نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کر لی ہے۔
آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے سنیچر کو کابینہ کا اجلاس ساڑھے نو بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس 11 بجے طلب کیا گیا تھا اور قومی اسمبلی کا اجلاس تین بجے ہونا تھا۔ پہلے وفاقی کابینہ کا اجلاس 12 بجے تک اور سینیٹ کا اجلاس ساڑھے 12 بجے تک موخر ہوا۔
بعد ازاں اجلاسوں کا وقت ایک بار پھر تبدیل کرتے ہوئے وفاقی کابینہ کا اجلاس دو بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس تین بجے طلب کیا گیا۔ تاہم وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی شروع نہ ہو سکا اور سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق پارلیمان کے ایوان بالا کا اجلاس بھی ساڑھے چھ بجے ہوگا، جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام سات بجے ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا آئینی ترمیم پر سو فیصد اتفاق ہو چکا: بلاول بھٹو
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا آئینی ترمیم پر سو فیصد اتفاق ہو چکا ہے۔ جتنا ڈرافٹ پیپلز پارٹی کا ہے اتنا ہی جے یو آئی کا بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مولانا فضل الرحمان نے طے کیا تھا پی ٹی آئی اپنے بانی سے ملاقات کرے گی اور وہ ان سے اپ ڈیٹ لیں گے۔ پی ٹی آئی سے کہوں گا کہ وہ حکومت نہ سہی مولانا کے ڈرافٹ کو مانیں جس پر ان کا اتفاق ہے۔ امید ہے مولانا پی ٹی آئی کو قائل کر سکتے ہیں۔‘
’میری خواہش ہے کہ مولانا خود ڈرافٹ قومی اسمبلی میں پیش کریں۔‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اتفاق رائے نہ ہوا تو آئینی ترمیم آج ہی پیش کر دی جائے گی: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر آج شام تک اتفاق رائے نہ ہوا تو حکومت کے پاس نمبر پورے ہیں اور آئینی ترمیم آج ہی پیش کر دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کا مقصد پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا ہے اور ایک متفقہ مسودہ تیار ہوا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کوشش ہے آج ہی آئینی ترمیم پر مشاورت کا عمل مکمل ہو جائے: وزیر اطلاعات
میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کے لیے کوشش جاری ہے اور صبح سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ کوشش ہے کہ آج ہی آئینی ترمیم پر مشاورت کا عمل مکمل ہو جائے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ نمبرز پورے ہونے کے باوجود کوشش کی گئی کہ مشاورتی عمل کو روکا نہ جائے اور اسی لیے مذاکرات کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو امید ہے مولانا فضل الرحمان اتفاق رائے بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔ تحریک انصاف کے وفد نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کر لی ہے۔

شیئر: