شیخ محمد بن زاید اور یورپی کمیشن کی سربراہ کا رابطہ، خطے کی صورتحال کا جائزہ
ہفتہ 19 اکتوبر 2024 22:22
دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کی بھی بات کی۔(فوٹو: وام)
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈرلین نے سنیچرکو ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
وام کےمطابق رابطے کے دوران امارات اور یورپی یونین کے سٹریٹجک تعلقات اورعلاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امارات اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کے مختلف پہلووں، انہیں مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے حصول کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔
دونوں رہنماوں نے مشترکہ دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور خصوصا مشرق وسطی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے غزہ کی پٹی اور لبنان میں فوری جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا ’بین الاقوامی قانون کے مطابق شہریوں کے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے جبکہ ان کے مصائب دور کرنے کےلیے انسانی امداد کی وافر اور محفوظ فراہمی کو یقینی بنانے کی ضمانت دی جائے‘۔
خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے پھیلاو کو روکنے کےلیے ہر ممکن کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا جس سے علاقائی سلامتی اور استحاکم کو خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کی بھی بات کی۔