سعودی منصوبوں میں رہائش کی طلب پوری کرنے کے لیے نئی کمپنی ’سارک‘
اتوار 20 اکتوبر 2024 20:44
اس سے نجی شعبے میں کمپنیوں کے لیے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی پبلک انویسمنٹ فنڈ نے اتوار کو ’سمارٹ اکوموڈیشن فار ریذیڈنشیل کمپلیکسز کمپنی(سارک) کے قیام کا اعلان کیا ہے جو ایک نئی پراپرٹی ڈیولپر آپریٹر ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں رہائش کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہے۔
سارک، سعودی عرب میں کارکنوں کے لیے کمپلیکس تیار اور آپریٹنگ کے ذریعے ریذیڈنشیل مارکیٹ کے ارتقا میں اہم کردار ادا کرے گی۔
کمپنی سٹاف ہاؤسنگ کے معیار کو بلند کرنے کے لیے اس شعبے میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔
سارک اس انڈسٹری کی ویلیو چین میں طویل مدتی سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ دے کر سعودی نجی شعبے کی مدد کرے گی جس میں تعمیرات، کیٹرنگ، ٹرانسپورٹیشن اور ریٹیل سمیت مختلف شعبوں سے خدمات فراہم کرنے والوں کو شامل کیا جائے گا۔
سارک اپنی ورک فورس کے لیے ضروری سہولتوں اور خدمات سے آراستہ جدید اعلی معیار کی رہائش کی پیشکش کرکے سعودی عرب کے مختلف شعبوں میں باصلاحیت اور شراکت داروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
سعودی فنڈ میں لوکل ریئل سٹیٹ پورٹ فولیو ڈیپارٹمنٹ کے کو ہیڈ خالد جوھر نے کہا کہ ’مقامی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی طلب کے باعث عملے کی رہائش کی مارکیٹ ایک اہم موقع پیش کررہی ہے۔
سعودی عرب میں رہائش کے حل کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے اور نجی شعبے میں کمپنیوں کے لیے نئے امکانات پیدا کرنے میں سارک کا اہم کردار ہوگا۔
سارک کے قیام سے مملکت بھر میں تعمیرات اور ریئل سٹیٹ منصوبوں سے وابستہ سعودی فنڈ کے انفرا سٹرکچر اور خدمات میں اضافہ ہوگا جس میں روشن گروپ، سعودی ڈاؤن ٹاؤن کمپنی اور نیو المربع ڈیولپمنٹ کمپنی شامل ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں