Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی سی سی ممالک میں مقیم غیرملکی امارات کا ای ویزا کیسے حاصل کریں؟

96 گھنٹے کا ٹرانزٹ ویزا صرف 50 درھم دے کر جاری کرایا جاسکتا ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل گورنمنٹ نے کہا ہے کہ جی سی سی ممالک میں مقیم تمام تارکین وطن اب وزٹ کےلیے 30 دن کے ای ویزے کی درخواست دے سکتے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق ڈیجیٹل گورنمنٹ کا کہنا ہے کہ یہ ویزا امارات میں 30 دن تک رہنے کی اجازت دیتا ہے جس میں مزید 30 دن کی توسیع کرائی جاسکتی ہے۔
یہ نیا ای ویزا یا انٹری پرمٹ جی سی سی میں قانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کو امارات آنے کےلیے ایک آسانی فراہم کرتا ہے۔
جی سی سی میں مقیم غیرملکی ای ویزے کے لیے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی فار فارنرز افیئرز دبئی کی ویب سائٹ یا فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی کو درخواست دے سکتے ہیں۔
ای ویزا حاصل کرنےکی 8 شرائط اور طریقہ کار ہیں۔ ویزے کی منظوری اور پراسیس مکمل ہونے کے بعد  رجسٹرڈ ای میل پر ای ویزا بھیجا جاتا ہے۔
جی سی سی ممالک میں مقیم تارکین وطن  کےلیے سفر سے پہلے ای ویزا حاصل کرنا ضروری ہے جو امارات میں داخلے کی تاریح سے  30 دن قیام کی اجازت دیتا ہے۔
اماراتی ویزے کی شرائط میں یہ شامل  ہے کہ جی سی سی ممالک کے رہائشی کو اس صورت میں امارات میں داخلے سے روک دیا جائے گا اگر یہ معلوم ہوا کہ غیرملکی کا اقامہ منسوخ یا ختم کردیا گیا ہے یا امارات کا ویزا حاصل کرنے کے بعد غیرملکی کا پروفیشن تبدیل کردیا گیا ہو۔
غیرملکی کے اقامے کی مدت امارات میں داخلے کے وقت ایک سال سے کم نہیں ہونی چاہئے جبکہ پاسپورٹ کم از کم 6 ماہ تک کے لیے کارآمد ہونا ضروری ہے۔
 امارات میں دو طرح کے ٹرانزٹ ویزے جاری ہوتے ہیں پہلا 48 گھنٹے کا ہے جو مفت جاری ہوتا ہے جبکہ 96 گھنٹے کا ٹرانزٹ ویزا صرف 50 درھم میں جاری کرایا جاسکتا ہے۔
ڈیجیٹل گورنمنٹ کا کہنا ہے ٹرانزٹ ویزا صرف امارات کی قومی ایئرلائنز کے ذریعے جاری ہوسکتا ہے۔ ٹرانزٹ ویزوں میں توسیع  ممکن نہیں ہے۔
ڈیجیٹل گورنمنٹ کا کہنا ہے امارات کا 48 گھنٹوں کا مفت ٹرانزٹ ویزا حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پاسپورٹ یا سفری دستاویز کی میعاد امارات میں داخلے پر 3 ماہ  سے کم نہ ہو۔ وائٹ بیک گراؤنڈ والی تصویر، مکمل ایئر ٹکٹ بھی ہونا ضروری ہے یعنی جس ملک سے وہ آیا ہے اور جہاں وہ جانا چاہتا ہے۔
اسی طرح 96 گھنٹے کے ٹرانزٹ ویزا کے لیے امارات میں داخلے کے وقت پاسپورٹ اور سفری دستاویز کی میعاد کم از کم 6 ماہ ہونی چاہئے۔ وائٹ بیک گراؤنڈ والی تصویر اور ایئر ٹکٹ ضروری ہے۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: