جی سی سی ممالک مشترکہ سیاحتی ویزا متعارف کرائیں گے
نئے سیاحتی ویزے پر بیک وقت کئی خلیجی ملکوں کا وزٹ کیا جاسکے گا( فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصاد عبداللہ بن طوق المری نے کہا ہے کہ ’جی سی سی ممالک میں سیاحت کے فروغ کے لیے جلد مشترکہ سیاحتی خلیجی ویزا متعارف کرایا جائے گا‘۔
الامارات الیوم کے مطابق اماراتی وزیراقتصاد نےابوظبی ٹریولنگ ویک کے دوران فیوچ ہاسپیٹلٹی سمٹ سے خطاب کیا۔
عبداللہ بن طوق المری نے کہا کہ’ نئے سیاحتی ویزے پر بیک وقت کئی خلیجی ملکوں کا دورہ کیا جاسکے گا۔ اس سے دنیا بھر کے سیاح زیادہ سے زیادہ تعداد میں خلیجی ممالک کی سیاحت کرسکیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’جی سی سی ممالک سیاحتی حکمت عملی میں تعاون کررہے ہیں اور مشترکہ ویزا اسی رجحان کو آگے بڑھانے کا حصہ ہے‘۔
امارات کے وزیر اقتصاد نے مزید خلیج کے کسی بھی ملک میں سیاحت کے فروغ سے خلیج کے تمام ممالک میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا’ امارات میں 70 فیصد سیاح باہر سے آرہے ہیں جبکہ داخلی سیاحت کا حجم 30 فیصد تک ہے۔ داخلی سیاحت کو مسلسل فروغ مل رہا ہے‘۔
’متحدہ عرب امارات مجموعی قومی پیداوار میں سات فیصد شرح نمو کا ہدف مقرر کیے ہوئے ہے جبکہ قومی معیشت کا حجم 2030 تک 3 ٹریلین درہم تک کا ہے‘۔