Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ثقافتی ورثے کی نمائش کے لیے یونیسکو میں ’عرب ہفتہ‘

مختلف پروگراموں میں ثقافتی مصنوعات، عربی خطاطی، دستکاری نمائشیں ہوں گی۔ فوٹو واس
اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم میں عرب گروپ 4 سے 5 نومبر پیرس میں ’یونیسکو میں عرب ہفتہ‘ کا اہتمام کر رہا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق عرب یونیسکو کے 50 سال سے زیادہ عرصے کے تعلقات میں اس طرح کی کوئی تقریب پہلی بار منعقد ہو رہی ہے۔
یہ منفرد تقریب تمام عرب اقوام کے تعاون سے عرب ورثے کی نمائش، بین الثقافتی مکالمے اور ثقافتی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے عرب ثقافتی ورثے اور تہذیب کو فروغ دے گی۔
سعودی عرب کے قومی کمیشن برائے تعلیم، ثقافت اور سائنسز کے زیراہتمام ثقافتی تبادلے کے وسیع پلیٹ فارم سے یہ تقریب عرب دنیا کی فنی اور ادبی روایات کو اجاگر کرے گی۔
سعودی وزیر ثقافت اور کمیشن کے چیئرمین شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے اس اقدام کی قیادت کی ہے، جس نے علاقائی اور بین الاقوامی ثقافتی تعاون کو فروغ دینے میں سعودی عرب کو کلیدی حیثیت دی ہے۔

عرب یونیسکو 50 سالہ تعلقات میں پہلی بار ایسی تقریب منعقد ہو رہی ہے۔ فوٹو الشرق الاوسط

اس پروگرام میں عرب ثقافتی مصنوعات، عربی خطاطی کی نمائشیں، یونیسکو کی فہرست میں ثقافتی ورثہ کی نمائش، موسیقی، سعودی روایتی پکوان کے مقابلے، ثقافتی اور روایتی دستکاری اور فیشن نمائشیں منعقد کی جائیں گی۔
تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے عربی ناول لکھنے، مصنوعی ذہانت، خطاطی، بچوں کا ادب اور شاعری کے ساتھ ساتھ متعدد مقابلے اور علاقائی فنکاروں کے پروگرام اور مختلف موضوعات پر سیمینارز بھی شامل ہوں گے۔

یہ تقریب عرب دنیا کی فنی اور ادبی روایات کو اجاگر کرے گی۔ فوٹو عرب نیوز

یہ تقریب یونیسکو اور دیگر رکن ممالک میں عرب ثقافت کی عالمی حیثیت کو بڑھاتے ہوئے مشترکہ اقدار کے ذریعے عرب اقوام کو متحد کرنے اور عالمی ترقی میں حصہ ڈالتے ہوئے بھرپور عرب ورثے اور نظریات کے فروغ میں اہم ثابت ہوگی۔
 

شیئر: