سعودی عرب نے ثقافت کے فروغ کے لیے مزید دروازے کھول دیئے
سعودی عرب نے ثقافت کے فروغ کے لیے مزید دروازے کھول دیئے
جمعرات 24 اگست 2023 16:46
مملکت میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور ہم سیاحوں کو پورا سال خوش آمدید کہتے ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام
ایک دہائی قبل سعودی عرب کے تاریخی مقامات اور ثقافت کا تجربہ کرنے کے لیے مملکت کا سفر زیادہ تر لوگوں کے لیے ناقابل تصور تھا۔
عرب نیوز کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے اصلاحاتی ایجنڈے کی بدولت مملکت نے کاروباری اور سماجی پلیٹ فارمز پر مختلف تبدیلیوں کے ساتھ بڑی حد تک سیاحوں کے لیے دروازے کھول دئیے ہیں۔
مملکت کی جانب سے 2019 میں جاری کئے جانے والے ای ویزا پروگرام کے بعد سے یہاں سیاحت کے میدان میں ایک بڑی اور ڈرامائی تبدیلی آئی ہے۔
سیاحت کے میدان میں تیز رفتار ترقی ویزا اقدامات بڑھانے کی باعث ہوئی ہے، سیاحتی پروگرام کے آغاز میں ابتدائی طور پر49 ممالک کے لیے ای ویزے کی سہولت تھی جس میں اب 57 ممالک شامل ہیں۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے ترجمان عبداللہ الدخیل نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ 2019 میں مملکت کی جانب سے ای ویزا سہولیات اہم قدم ہے جس کے بعد سعودی عرب دنیا بھر سے لاکھوں سیاحوں کے لیے ایک خاص سیاحتی مقام بن گیا ہے۔
عبداللہ الدخیل نے بتایا کہ مملکت نے البانیہ، آذربائیجان، جارجیا، کرغزستان، مالدیپ، جنوبی افریقہ، تاجکستان اور ازبکستان کے لیے عمرہ ویزے کے علاوہ تفریحی اور کاروباری ای ویزے کے اجرا کا آغاز بھی اس مہینے کے آغاز سے کیا ہے۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ ان ممالک میں ای ویزا کی توسیع کے ذریعے مملکت نے دنیا کے لیے اپنے دروازے کھولنے اور مملکت میں آنے والے تمام زائرین کے لیے ایک اور آسان سفری تجربے میں ایک اور قدم بڑھایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیٹر ای ویزا پورے سال کے لیے کارآمد ہے اور 90 دن تک قیام کی اجازت دیتا ہے۔
مملکت کا پہلا باضابطہ مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم Nusuk ہے جو حجاج کرام کو اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرنے میں آسانی فراہم کرتا ہے۔
یہ ڈیجیٹل ایپ عمرہ زائرین کے لیے ویزہ، بکنگ پیکجز اور حرمین شریفین کے لیے ضروری رہنمائی اور عمرہ و زیارت پرمٹ حاصل کرنے کے لیے ون سٹاپ پلیٹ فارم ہے۔
ستمبر 2022 میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے آغاز کے بعد سے گیارہ لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور آٹھ لاکھ سے زیادہ ویزے جاری کیے گئے ہیں۔
عبداللہ الدخیل نے بتایا کہ ای ویزا پروگرام، سٹاپ اوور ویزا اور نسخک پلیٹ فارم کی بدولت اب بغیر کسی رکاوٹ کے عمرہ ای ویزا جاری کیا جاتا ہے جس سے مملکت کو سیاحوں کی بڑی تعداد کی توقع ہے۔
حال ہی میں سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے حجاج کے لیے نسک پلیٹ فارم پر اندراج کا آغاز کیا جائے گا۔
کسی بھی نوعیت کے ویزے کے حامل مسلمان چاہے وہ سیاح کے طور پر سعودی عرب کا دورہ کریں یا کاروبار کے لیے اب عمرہ کی ادائیگی کے اہل ہوں گے۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق نئے ای ویزوں سے مملکت کے معاشی فوائد بھی ہیں اور مملکت دنیا بھر میں اس صنعت میں سب سے بڑا سرمایہ کار ہے۔
2030 تک 800 ارب ڈالر کی اس سیکٹر میں سرمایہ کاری اور سیاحتی مقامات کی ترقی کے لیے مزید 550 ارب ڈالر مختص کیے جانے کے ساتھ مملکت اپنے شراکت داروں کے لیے آسانی فراہم کر رہا ہے۔
مزید یہ کہ ٹورازم اتھارٹی کے مطابق نیا ای ویزا پروگرام سعودی شہریوں کے لیے روزگار اور بااختیار بنانے کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ملک بھر میں بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں میں قابل ذکر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
وزیر سیاحت نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں ایک بڑی تبدیلی آئی ہے اور ہم سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور دعوت دیتے ہیں کہ وہ سعودی عرب آئیں اور ان تبدیلیوں کو دیکھیں جو گذشتہ برسوں میں ہوئی ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں