سعودی کار میکینک جس کے کام پر لوگ ’اعتماد کرتے ہیں‘
سعودی کار میکینک جس کے کام پر لوگ ’اعتماد کرتے ہیں‘
بدھ 30 اکتوبر 2024 5:43
صبح 6 بجے اٹھتا ہوں اور 8 بجے شروع کام کرتا ہوں۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی نوجوان ہر شعبے میں آگے آرہے ہیں۔ ایسا ہی ایک پیشہ کار ریپیئرنگ کا ہے جو انتہائی محنت طلب ہے۔
اخبار 24 نے ریاض کے ایک ورکشاپ میں کام کرنے والے سعودی نوجوان سھم بن خلف العتیبی کے بارے میں بتایا کہ سھم ورکشاپ میں گاڑیوں کی مرمت کا کام پروفیشنل انداز میں کرتا ہے۔
سھم العتیبی نے بتایا اس شعبے کی جانب آنا شوق اور گاڑیوں کی ٹیکنالوجی میں تعلیمی مہارت کی وجہ سے ہے۔ مجھے اپنے کام سے عشق ہے اور کسٹمر کی حوصلہ افزائی توانائی دیتی ہے۔
سعودی نوجوان کا کہنا ہے مجھے بیکار بیٹھنا پسند نہیں، تین ہفتے ایک ورکشاپ میں بھی کام کیا اس کے علاوہ موبائل فون مینٹیننس کے شعبے میں بھی کام کیا ہے۔
روزمرہ مصروفیات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا وہ صبح چھ بجے اٹھتے ہیں اور 8 بجے سے ورکشاپ میں کام شروع کرتے ہیں اور رات بارہ بجے تک کام میں لگے رہتے ہیں۔
گاڑیوں کی مینٹیننس اور ریپیئرنگ کے لیے آنے والے شہریوں اور غیرملکیوں نے سھم بن خلف العتیبی کو پراعتماد نوجوان قرار دیا اور کہا گاڑیوں کے بارے میں اچھی سمجھ ہے اور بہترین کام کرتے ہیں۔
ایک شخص نے بتایا اگر یہ کبھی مصروف ہوتے ہیں تو ہم مسئلہ بتا کر گاڑی کی چابی چھوڑ جاتے ہیں۔ فرصت ملنے پر کال کرکے ہمیں بتا دیتے ہیں اس طرح معاملات طے ہوتے ہیں۔
سھم بن خلف العتیبی کا کہنا تھا دراصل یہ لوگوں کا پیار ہے کیونکہ انہیں میرا کام پسند آتا ہے۔ دراصل میں تسلی اور دلچسپی کے ساتھ ہر گاڑی کا معائنہ کرتا ہوں۔ کوشش ہوتی ہے کہ درست اور اچھی طرح تشخیص کے بعد گاڑی بہترین بن جائے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ مجھ پر اور میرے کام پر اعتماد کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا وہ چھوٹی بڑی ہر قسم کی کاروں کی ریپیئرنگ کرتے ہیں لیکن خاص طورپر ’ٹویوٹا‘ گاڑیوں میں زیادہ مہارت ہے۔ اس گاڑی کے ہر ماڈل پر بہت زیادہ دلچسپی کے ساتھ کام کرتا ہوں۔
سھم بن خلف العتیبی کا کہنا تھا میرا لوگوں کو مشورہ ہے کہ وہ اتنی مہنگی گاڑیاں لیتے ہیں اگر کوئی مسئلہ ہو تو جلدی نہ کریں کیونکہ اگر ریپیئرنگ درست نہ ہوئی تو الزام میکنیک پر آتا ہے۔
العتبی نے بے روزگار نوجوان شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ جو کام بھی کریں اس میں دلچسپی لیں۔ مایوس لوگوں کی باتوں سے متاثر نہ ہوں۔ کسی بھی شعبے میں کام کریں۔ بس دلچسپی ہی آپ کو آگے بڑھاتی ہے۔ میں جس فیلڈ میں کام کررہا ہوں اس میں بھی آگے بڑھنے کے کافی مواقع ہیں اور یہ اچھا ذریعہ معاش ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں