اقامہ قوانین کی خلاف ورزیوں پر 22 ہزار مقدمات
سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پناہ دینا سنگین جرم ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ڈائریکٹریٹ جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران قانونی خلاف ورزیوں کے مرتکب غیرملکی اور سعودی شہریوں پر عائد ہونے والے 22 ہزار سے زائد مقدمات کا فیصلہ کیا۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ جوازات کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ مملکت کے مختلف ریجنز میں ادارے کی تفتیشی ٹیموں نے اقامہ ، قانون محنت اور سرحدی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر گرفتار کیے جانے والوں کو قانونی کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔
جوازات کی قانونی کمیٹی نے ضوابط کی خلاف ورزیوں پر 22 ہزار 700 فیصلے صادر کیے جن میں اقامہ اور محنت قوانین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیا گیا علاوہ ازیں غیرقانونی طورپر سرحد عبور کرکے مملکت آنے والے دراندازوں کو قیام وطعام اور ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والے سعودی شہریوں اور غیرملکیوں پر بھی جرمانے عائد کیے گئے۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روزگار اور ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا قانون شکنی ہے جبکہ ایسے افراد جو غیرقانونی طورپر سرحد عبور کرکے مملکت میں داخل ہوتے ہیں ان کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون کرنا سنگین خلاف ورزی میں شمار کیا جاتا ہے جس پر سخت سزا مقرر ہے۔
غیرقانونی تارکین کے بارے میں وزارت داخلہ کی جانب سے مخصوص کردہ ٹیلی فون نمبروں پر مطلع کیا جاسکتا ہے۔ مکہ، ریاض اور مشرقی ریجن کے لیے 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں کے لیے 999 نمبر مخصوص ہیں۔