تجاوزات کی وجہ سے عام لوگ مخصوص ساحلی علاقوں میں نہیں جاسکتے تھے(فوٹو، ایکس)
بلدیہ جدہ کی جانب سے ساحلی مقامات پر تجاوزات کے خاتمے کی مہم تیزی سے جاری ہے۔ اب تک شمالی ابحر کے 18 مقامات پر قائم تجاوزات کو منہدم کردیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جدہ میں ابحر جنوبی اور شمالی کی ساحلی پٹی پر سرکاری اراضی پرتجاوزات کی وجہ سے یہ تفریحی مقامات عوام الناس کے لیے بند ہو گئے تھے۔
بلدیہ جدہ کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے ابحر شمالی کی ساحلی پٹی کے 18 مقامات پرقائم تجاوزات کا خاتمہ کرکے 2 لاکھ 17 ہزار مربع میٹرسرکاری اراضی خالی کرا لی گئی ہے۔
تجاوزات کے خاتمے کے مہم کے آغاز سے اب تک ساحلی علاقوں کے 52 مقامات پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کر کے 30 لاکھ مربع میٹر سے زائد اراضی واگزار کرا لی گئی ہے۔
بلدیہ کا کہنا ہے کہ ان ساحلی مقامات پر عوام الناس کی تفریح کے لیے پارک وغیرہ تعمیر کیے جائیں گے جس سے ساحلی علاقے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔
واضح رہے جدہ کے جنوبی اور شمالی ساحلی علاقوں کی سرکاری اراضی پر قبضے کر کے وہاں ریسٹ ہاوسز اور ذاتی ریزوراٹس تعمیر کیے ہوئے تھے جس کی وجہ سے ساحل کا بڑا علاقے ان تجاوزات کی نذر ہو گیا تھا۔