لائیو: لاہور میں شدید سموگ کے باعث قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ملتوی
لاہور میں شدید سموگ کے باعث قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
چین کے شہر ہینگزو میں 11 سے 21 نومبرتک کھیلے جانے والی چائنہ ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں لگایا گیا تھا۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کے باعث حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ہاکی کا تربیتی کیمپ عارضی طور پر روک دیا گیا۔
ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بھی سموگ کا راج
ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج سنیچر کو بھی سموگ کا راج ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام پارکس، کھیلوں کے میدان، تاریخی مقامات، یادگاروں اور میوزیمز میں عوام کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس ساڑھے سات سو سے بڑھ گیا ہے۔ صوبائی محکمہ تحفظ ماحول کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا اوسط ائیر کوالٹی انڈیکس پانچ سو انسٹھ رہا ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔
ماہرین کے مطابق مشرق کی جانب سے آنے والی ہواؤں، درجہ حرارت میں کمی اور ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے سموگ کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ فضائی آلودگی میں اضافے سے حد نگاہ میں کمی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور دوسری بیماریوں کا بھی سامنا ہے۔ سموگ کے نقصانات سے بچنے کے لیے محکمہ تحفظ ماحول نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ ناگزیر حالات میں گھر سے نکلتے وقت ماسک کے ساتھ ساتھ چشمے کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق
ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازیندہ کی یونین کونسل بہران میں 28 ماہ کا ایک بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا ہے۔ رواں سال ڈیرہ اسماعیل خان میں یہ تیسرا پولیو کا کیس ہے۔
صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 10 ہو گئی ہے جن میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے تین، لکی مروت اور کوہاٹ سے دو، دو جبکہ ضلع مہمند، ٹانک اور نوشہرہ سے ایک،ا یک کیس شامل ہے۔
ملک بھر میں اس سال پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 48 ہو گئی جن میں بلوچستان سے 23، سندھ سے 13، خیبرپختونخوا سے 10 جبکہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ایک، ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔
خیبرپختونخوا: بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے سولرائزیشن منصوبے پر عمل درآمد شروع
خیبرپختونخوا حکومت نے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے سولرائزیشن کے فلیگ شپ منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک لاکھ تیس ہزار مستحق گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہریوں پر بجلی کے بھاری بھر کم بلوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے سولر سسٹم فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم فراہمی میں ان علاقوں کو ترجیح دی جائے گی جہاں لوڈ شیڈنگ زیادہ ہے جبکہ سرکاری عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے بجلی کے بلوں کی مد میں خاطر خواہ بچت ہوگی۔