ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت، فیفا ورلڈ کپ 2026 میں تنازع پیدا ہونے کا امکان
ہفتہ 9 نومبر 2024 13:49
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہو گا (فوٹو: فیفا)
فیفا ورلڈ کپ 2026 براعظم شمالی امریکہ کے تین ملکوں امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہو گا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق 1994 کے بعد تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ تین مختلف ممالک میں منعقد ہو گا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل امریکہ کے میلٹ لائف سٹیڈیم، رتھر فورڈ میں ہو گا اور فائنل میں متوقع طور پر حال ہی میں امریکہ کے صدارتی انتخاب جیتنے والے ڈونلڈ ٹرمپ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی دیں گے۔
لیکن ٹرمپ کی فتح کے ساتھ ہی فیفا ورلڈ کپ کے متعلق ایک نئے تنازعے کے جنم لینے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران یہ اعلان کیا تھا کہ وہ امریکہ کے ویزے کے حصول کے عمل کو مزید سخت بنائیں گے اور نئی شرائط بھی عائد کریں گے۔
اب اگر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے اس منصوبے پر عمل در آمد کرواتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ دنیا بھر سے امریکہ پہنچنے کے خواہشمند فٹبال شائقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری طرف امریکہ کے حق میں بڈنگ اور لابنگ کے ذریعے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کا قرعہ ڈونلڈ ٹرمپ کے سابقہ دور صدارت 2016 سے 2020 میں نکلا تھا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48 کر دی گئی ہے۔
ماسکو میں ہونے والی 68ویں فیفا کانگرس میں مراکش کے مقابلے میں امریکہ، کینیڈ اور میکسیکو نے مشترکہ طور پر ووٹنگ کا عمل جیتا تھا۔
فیفا کی جانب سے 2026 کے ورلڈ کپ کے میزبان تینوں ممالک کے 16 شہروں کا پہلے سے ہی اعلان کر دیا گیا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ کے میچز کی تعداد بھی 64 سے بڑھا کر 104 کی گئی ہے جبکہ ایک ٹیم اب فائنل تک پہنچنے کے لیے سات کے بجائے آٹھ میچ کھیلے گی۔
فیفا ورلڈ کپ اب 32 دنوں کے بجائے 39 دنوں تک جاری رہے گا البتہ ہر ٹیم اب بھی تین گروپ میچز ہی کھیلے گی۔