شاہ فہد ایئرپورٹ مملکت کی سطح پر سرفہرست
جمعرات 21 نومبر 2024 21:24
اتھارٹی نے اس سلسلے میں 11 معیار مقرر کیے ہیں۔ (فوٹو سبق)
دمام کا شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ 2024 کے آغاز سے آپریشل حوالے سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے اور مملکت کے ہوائی اڈوں کی سطح پر بہترین پوزیشن پر اس وقت آچکا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) کی جانب سے جاری کردہ اکتوبر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سعودی بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے زمرے کے لئے آپریشنل کارکردگی کے معیارکی تعمیل میں سالانہ 5 سے 15 ملین مسافروں تک میں پہلا مقام حاصل کیا۔ اکتوبر 2024 کے دوران معیار کی 91 فیصد تعمیل حاصل کی۔
دمام کا شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ محفوظ اور پائیدار ماحول اور مسافروں کو بہترین ماحول فراہم کرنے اور انہیں سفر کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کرنے میں پیش پیش ہے۔
واضح رہے کہ جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) ہوائی اڈوں پر سفر کے حوالے سے اہم مراحل کے لیے اپنے 11 معیار مقرر کیے ہیں جس میں مسافروں کی آمد اور روانگی اور اس دوران وہ تمام مسائل و ان کے حل کو ایئرپورٹ انتظامیہ اور ایئرلائنز کس طرح حل کرتے ہیں اور انہیں کتنی جلدی حل کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ مسافروں کو ایئرپورٹ اور ایئرلائنز کتنی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں نیز سیکیورٹی اور دیگر معاملات کس طرح احسن شکل میں انجام دیے جاتے ہیں اسی طرح معذور اور بزرگ افراد کے لیے کتنی سہولیات ہیں۔۔ اتھارٹی ان تمام چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایئرپورٹ اور ایئرلائنز کے حوالے سے ہر ماہ ان کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں