کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ کارکردگی کے حوالے سے پھر سرفہرست
ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر رہا ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کارکردگی کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر سعودی انٹرنیشنل ایئرپورٹس میں سرفہرست ہے۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن مملکت کے ایئرپورٹس کی کارکردگی کا 14 معیارات کے مطابق جائزہ لیتی ہے جس میں سفری طریقہ کار، پاسپورٹ کسٹم ایریا اور معذوروں کو فراہم کی جانے والی خدمات شامل ہیں۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئر پورٹ پر کمپلائنس کی شرح 91 فیصد رہی۔ ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد سالانہ 15 ملین سے تجاوز کر جاتی ہے۔
اسی کیٹیگری میں ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ 82 فیصد کمپلائنس کی شرح کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی رپورٹ کے مطابق دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے دوسری کیٹیگری میں پہلا مقام برقرار رکھا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد سالانہ پانچ سے 15 ملین کے درمیان جب کہ کمپلائنس کی شرح 91 فیصد تھی۔
مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 82 فیصد کی شرح کے ساتھ جون کی سطح کو برقرار رکھا۔
انٹرنیشنل ایئرپورٹس کی تیسری کیٹیگری میں ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جہاں مسافروں کی تعداد سالانہ دو سے پانچ ملین کے درمیان ہے، نے جولائی میں کمپلانس کی شرح 100 فیصد رکھی۔
دریں اثنا، پرنس نائف بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے جولائی میں 100 فیصد کمپلانس کی شرح کے ساتھ، انٹرنیشنل ایئرپورٹس کی چوتھی کیٹیگری میں پہلے نمبر پر ہے جہاں سالانہ 20 لاکھ سے کم مسافر آتے ہیں۔
پانچویں کیٹیگری ڈومیسٹک ایئرپورٹس کی درجہ بندی ہے جس میں القریات کا ایئر پورٹ 100 فیصد کمپلائنس شرح حاصل کر کے پہلے نمبر پر ہے۔
قومی ایوی ایشن کی حکمت عملی سعودی عرب کے وژن 2030 کے کلیدی عناصر میں سے ایک ہے کیونکہ مملکت کا مقصد اپنے سفر اور سیاحت کے شعبے کو بلند کر کے اپنی آمدنی کے ذرائع کو متنوع بنانا ہے۔
واضح رہے کہ قومی ایوی ایشن کی حکمت عملی کے مطابق سعودی عرب کا مقصد 250 مقامات تک فضائی رابطہ بڑھانا، 330 ملین مسافروں تک پہنچا اور 2030 تک فضائی کارگو کی گنجائش کو 4.5 ملین ٹن تک دگنا کرنا ہے۔